Live
Pakistan India Clash 2025

بھارت کی کسی بھی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا: ترجمان پاک فوج

بھارت کو اپنے طیاروں کے ملبے اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار یاد رکھنے چاہئیں، ترجمان پاک فوج
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2025 09:06pm

آئی ایس پی آر نے بدھ کو بھارت کی جانب سے سامنے آنے والے حالیہ بیانات کو ”اشتعال انگیز اور خطرناک“ قرار دیتے ہوئے ان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان بیانات سے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام خطرے میں پڑ سکتا ہے اور یہ جارحیت کی نئی کوششوں کی علامت ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارتی سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ ترین سطح سے سامنے آنے والے بے بنیاد، اشتعال انگیز بیانات کو گہری تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی سیکیورٹی اداروں کے غیر ذمہ دارانہ بیانات جارحیت کے لیے من گھڑت بہانوں کی نئی کوشش ہے۔ یہ غیر ذمہ دارانہ بیانات ایک بار پھر جارحیت کے لیے من مانے بہانے تراشنے کی ایک نئی کوشش کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

افواجِ پاکستان نے کہا کہ بھارت شاید اپنے تباہ شدہ لڑاکا طیاروں اور پاکستان کے دور تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تباہ کاریوں کو بھول گیا ہے، بھارت اجتماعی بھول کا شکار ہو کر اب ایک نئے تصادم کی خواہش میں مبتلا دکھائی دیتا ہے۔

AAJ News Whatsapp

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے، بھارت کئی دہائیوں سے وکٹم کارڈ کا استعمال کرکے فائدہ اٹھا چکا ہے، بھارت نے خطے میں تشدد کو ہوا دے کر دہشت گردی کی سرپرستی کی۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ بیانیہ کافی حد تک بے نقاب ہوچکا ہے، دنیا بھارت کو سرحد پار دہشت گردی کا حقیقی چہرہ تسلیم کرچکی ہے، اب دنیا بھارت کو علاقائی عدم استحکام کا مرکز تسلیم کر چکی ہے۔ بھارت کی جارحیت نے ماضی میں دونوں ایٹمی طاقتوں کو ایک وسیع اور خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا تھا۔

ترجمان نے خبردار کیا کہ بھارت کو اپنے تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ اور پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی طاقت یاد رکھنی چاہیے۔ بھارت اجتماعی یادداشت کی کمزوری کا شکار ہو کر بظاہر ایک نئے اور خطرناک تصادم کی جانب بڑھ رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارتی دفاعی وزیر اور فوج و فضائیہ کے سربراہان کے انتہائی اشتعال انگیز بیانات واضح انتباہ دیتے ہیں کہ مستقبل کا تنازع انتہائی تباہ کن نتیجے کا باعث بن سکتا ہے، اگر جنگ کا نیا دور شروع ہوتا ہے تو پاکستان پیچھے نہیں رہے گا، ہم پوری قوت اور پختہ عزم کے ساتھ کسی قسم کی ہچکچاہٹ یا پابندی کے بغیر جواب دیں گے۔

ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ کسی نئے نارمل کے قیام کی کوشش کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہیے پاکستان نے جواب کا نیا نارمل قائم کر رکھا ہے، یہ نیا نارمل تیز، فیصلہ کن اور تباہ کن ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس بار ہم جغرافیائی عدمِ حساسیت کے تصور کو چکنا چور کر دیں گے، اس بار ہم بھارتی سرزمین کے دور دراز ترین حصوں تک کو نشانہ بنائیں گے۔ جارحیت کے جواب میں پاکستان کی عوام اور افواج لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے واضح کیا کہ اگر بھارت پاکستان کے خاتمے کی بات کرتا ہے تو اسے جان لینا چاہیے کہ مٹاؤ دونوں طرف ہوگا۔ اس بار بھارت کے جغرافیائی تحفظ کے وہم کو توڑ دیا جائے گا اور ایسے خواب دیکھنے والوں کو سخت جواب ملے گا۔ جہاں تک پاکستان کو نقشے سے مٹانے کی بات ہے تو بھارت کو معلوم ہوکہ مٹانا دو طرفہ ہوگا۔

پاکستان اور بھارت ایک دوسرے پر جھپٹنے کے لیے تیار، ایشیا کپ کی حکمرانی کا فیصلہ آج ہوگا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیوں پر فائنل کا یکساں پریشر ہوگا۔
شائع 28 ستمبر 2025 08:46am

ایشیا کپ 2025 میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹرافی کی جنگ ہے۔ دبئی میں میگا فائنل کے لیے پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے پر جھپٹنے کے لیے تیار ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار روایتی حریف فائنل میں ٹکرائیں گے۔

کرکٹ کا بخار سر چڑھ کر بول رہا ہے، شائقینِ کرکٹ پاک بھارت میچ کے لیے بے تاب ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ دونوں ٹیمیوں پر فائنل کا یکساں پریشر ہوگا۔

دبئی میں ایشیا کپ کے فائنل کے لیے پاکستانی شائقین کرکٹ پُرجوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کی فتح کا ایسا جشن منائیں گے کہ دنیا دیکھے گی۔

پاکستان میں بھی کرکٹ کے دیوانوں کو آج کے میچ کا بے صبری سے انتظار ہے۔ حافظ آباد میں سکھ کمیونٹی کے افراد بھی ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت کے لیے پُر عزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی، حارث روف اور صائم ایوب آج کے میچ میں فیورٹ ہیں۔

سجاول کے نوجوان کھلاڑیوں اور کرکٹ شائقین کا جوش و خروش بھی عروج پر ہے۔ نوجوانوں کا کہنا ہے کہ پاکستان آج بھارت کو شکست سے دوچار کرے گا۔

AAJ News Whatsapp

اُدھر عارف والا کے شائقینِ کرکٹ بھی پاک بھارت فائنل ٹاکرے کیلئے پُر جوش دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کم بیک کر کے بھارت کو معرکہ حق کی طرح عبرتناک شکست دے گا۔

نو ہینڈ شیک کے بعد نو فوٹو شوٹ

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان نو ہینڈ شیک سے بات اب نو فوٹو شوٹ تک جا پہنچی ہے۔ بھارت نے کپتانوں کے ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ سے انکار کردیا ہے جس کے لیے انتظامیہ نے کیپٹنز ایونٹ منسوخ کردیا۔

اس حوالے سے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ہینڈ شیک نہ ہونا کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہے۔ ماضی میں بھی زیادہ حالات خراب تھے پھر بھی ہینڈ شیک ہوئے۔ بھارتی ٹیم جو کرتی ہے کرتی رہے، ہم اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کریں گے۔

فائنل سے قبل بھی فوٹوسیشن کا امکان نہیں ہے، حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان دشمنی میں اندھے بھارتیوں کو منہ کی کھانا پڑ گئی ہے۔ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی ایشیاکپ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے جس کے لیے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی اور اے سی سی کے صدر محسن نقوی دبئی میں پاک بھارت فائنل دیکھیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاک بھارت ٹاکرا ویوور شپ کا نیا ریکارڈ بنائے گا۔ فاتح ٹیم کو ٹرافی دینے کا منتظر ہوں۔

پاکستان اور بھارت کسی بھی ٹورنامنٹ میں اب تک 5 بار فائنل میں آمنے سامنے آئیں ہیں یہاں پاکستان بھارت سے آگے ہے۔ پاکستان نے 3 بار جبکہ بھارت نے پاکستان کو 2 بار فائنل میں شکست دی ہے۔

جنگ جیت چکے، بھارت کے ساتھ جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہیں: وزیراعظم کا جنرل اسمبلی میں خطاب

بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنادیا، ایسا فیصلہ کن جواب دیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف
شائع 26 ستمبر 2025 09:16pm
PM Shehbaz Sharif Speech in UN | Key Takeaways | India in trouble | Clear Message to Afghanistan

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنادیا، ایسا فیصلہ کن جواب دیا جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ہم جنگ جیت چکے ہیں اور اب ہم اپنے خطے میں امن چاہتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر بھارت کو تمام تنازعات پر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

جمعے کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہبازشریف کے خطاب کے دوران اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی تقریر کا بائیکاٹ کرنے والے متعدد عرب اور مسلم ممالک کے اراکین واپس آگئے، جس کے بعد مندوبین نے تالیاں بجا کر وزیراعظم شہبازشریف کو خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کا آغاز کا قرآنی آیت کے ساتھ کیا اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا جب کہ شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے بھارت کو آئینہ دکھا دیا

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کو آئینہ دکھایا اور دنیا کو پاکستان کی طاقت سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں مشرقی سرحد پر دشمن کی جارحیت کا جواب دیا، بھارت کو دیا گیا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، بھارت کے 7 جنگی طیاروں کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا پہلے ہی کہا تھا کہ پاکستان بیرونی جارحیت کا بھرپور دفاع کرے گا، ہم نے بھارت سے جنگ جیتی اور امن کی بات کی۔

شہبازشر یف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا، ہم بھارت سے جنگ جیت چکے تھے، صدر ٹرمپ مداخلت نہ کرتے تو فل فلش وار کے نتائج تباہ کن ہو سکتے تھے، صدر ٹرمپ پاک بھارت جنگ رکوانے میں امن کے نوبیل انعام کے مستحق ہیں، بھارت کو دیا گیا فیصلہ کن جواب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

اپنے خطاب کے دوران وزیرِ اعظم شہبازشریف نے بھارت کو تمام تنازعات پر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر جامع اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

AAJ News Whatsapp

انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن کشمیریوں کو حقِ خودارادیت مل کر رہے گا، کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان کے ساتھ ہے، پاکستان سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے خطاب کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

وزیراعظم کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران غزہ کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، فلسطینیوں سے نا انصافی عالمی ضمیر پر داغ ہے، اسرائیل کی فلسطین کے خلاف مہم شرمناک ہے، غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی جاری ہے، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہمیں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے لیے بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست کی بھرپور حمایت کرتا ہے، مسلم سربرابان سے صدر ٹرمپ کی ملاقات نے غزہ میں جنگ بندی کی نئی شمع روشن کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغان عبوری حکومت دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کرے، فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے مجید بریگیڈ افغانستان کی سرحد کو استعمال کر کے افغان علاقوں سے پاکستان میں کارروائیاں کر رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے 90 ہزار شہریوں کی قربانی دی ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق یوکرین کے پُرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔

رواں سال پاکستان کو بڑے سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی ماحولیاتی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی بحران کا سامنا ہے جس کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، رواں سال پاکستان کو بڑے سیلاب کا سامنا کرنا پڑا 2022 میں بھی پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو 34 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے، پاکستان ان 10 ملکوں میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، پاکستان کا فضا میں کاربن کے اخراج میں حصہ سالانہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، پاکستان ماحول دوست توانائی کے استعمال کو فروغ دے رہا ہے۔

ہم نے جنگ جیت لی، اب ہم امن جیتنا چاہتے ہیں، وزیراعظم

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جنگ جیت لی، اب ہم امن جیتنا چاہتے ہیں، ٹرمپ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کردار پر شکریہ ادا کیا، 24 کروڑ پاکستانیوں کی جانب سے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا جنگ بندی کا فیصلہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے اہم تھا، صدر ٹرمپ نے خیرسگالی کے جذبے کا اظہار کیا، بھارت کی سرحد پار دہشت گردی کا بھرپور جواب دے رے ہیں۔

جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھارتی میڈیا کے سوال پر وزیراعظم کا کرارا جواب

قبل ازیں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شریک وزیراعظم شہباز شریف نے بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب دے دیا۔

جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ہال سے باہر جاتے ہوئے بھارتی نیوز چینل کے صحافی نے سرحد پار دہشت گردی سے متعلق سوال کیا جس پر وزیراعظم شہباز شریف جاتے ہوئے رک گئے اور ترکی بہ ترکی جواب دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے کی جانے والی سرحد پار دہشت گردی کو شکست دے رہے ہیں۔

بھارت نے بلوچستان میں مداخلت کی اور ٹارگٹ کلنگ مہم چلائی، امریکا کی ترجیح اب پاکستان ہے، عالمی جریدہ

پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی عالمی افق پر کامیابیوں کی نوید بن گئی
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2025 05:54pm

پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی عالمی افق پر کامیابیوں کی نوید بن گئی، عالمی منظر نامے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کی رپورٹ منظرعام پر آگئی۔

بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ کے مطابق امریکی ترجیحات میں تبدیلی آئی ہے اور اس کا جھکاؤ بھارت کی بجائے پاکستان کی جانب واضح ہے، پاکستان امریکا کے لیے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں اہم کردار کا حامل ہے، حالیہ پاک بھارت تنازع نے بھی امریکا کے اندازے عسکری طاقت کے حوالے سے یکسر بدل دیے ہیں۔

دی ڈپلومیٹ نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ بدلتے حالات کے پیش نظربھارت کے لیے نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کا کردار بھی ادا کرنا مشکل نظر آرہا ہے، امریکا پاکستان تعلقات کے فروغ سے مشترکہ مفادات کی ہم آہنگی مزید بہترہو گئی ہے، امریکا اب بھارت کو جنوبی ایشیا میں متبادل شراکت دار کے طور پر نہیں دیکھ رہا، امریکی ترجیحات میں تبدیلی بھارت کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔

عالمی جریدے نے مزید لکھا کہ گزشتہ کئی سال سے بھارت امریکی ترجیحات میں شامل تھا مگر اب وہ دور ختم ہوچکا ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے آمادگی دکھاتا رہا ہے، پاکستان کے مطابق بھارت نے امن کی پیش کش کا جواب ہمیشہ کشیدگی بڑھا کر دیا، بھارت نے بلوچستان میں خفیہ مداخلت بڑھائی اور بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ مہم چلائی۔

  https://whatsapp.com/channel/0029Va8czsoLNSZzP877bA0I

جریدے کے مطابق مئی 2025 میں پاک بھارت تنازعے نے ایٹمی تصادم کے خدشات کو بڑھا دیا مگر امریکا نے پاک بھارت جنگ بندی میں کردار ادا کیا، بھارت کا مذاکرات سے مسلسل انکار امریکا کے ساتھ تعلقات میں مستقل بے یقینی اور بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔

ٹیرف پر ٹیرف۔۔۔! ٹرمپ، مودی سے ناراض کیوں؟ سابق بھارتی سفارت کار نے غصے کی وجہ بتا دی

’ٹرمپ اور مودی کا ذاتی تعلق ٹوٹ چکا ہے'، کرسٹوفر کلیری
شائع 14 اگست 2025 10:40am
تصویر: رائٹرز
تصویر: رائٹرز

سابق بھارتی سفارتکار وکاس سواروپ نے انکشاف کیا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے بھارت پر ایک کے بعد ایک ٹیرف کرنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر سخت برہم ہیں۔ وکاس سواروپ کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس لیے ناراض ہیں کیونکہ مئی میں پاکستان کے ساتھ جھڑپ کے بعد بھارت نے یہ ماننے سے انکار کر دیا کہ امن قائم کرنے میں ٹرمپ کا کردار تھا۔

ٹرمپ نے حال ہی میں بھارت کی معیشت کو ”مردہ“ قرار دیتے ہوئے اور اس پر روسی تیل خریدنے کی پاداش میں 50 فیصد ٹیکس (ٹیرف) لگایا تھا۔

وکاس سواروپ نے بھارتی خبر رساں ایجنسی ”اے این آئی“ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان نے نہ صرف ٹرمپ کے کردار کو سراہا بلکہ انہیں نوبیل امن انعام کے لیے نامزد بھی کیا، جس سے بھارتی قیادت مزید چراغ پا ہے۔ دوسری جانب بھارت اس دعوے کو مکمل طور پر جھٹلاتا رہا اور تسلیم کرنے سے انکار کرتا رہا کہ امریکا یا ٹرمپ نے کسی قسم کی ثالثی کی۔

بھارتی مؤقف کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان فائر بندی براہِ راست دونوں ممالک کی فوجی قیادت کی بات چیت سے ممکن ہوئی۔

بھارت سابق ہائی کمشنر برائے کینیڈا وکاس سواروپ کے بقول، ٹرمپ مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ انہوں نے ہی دونوں ممالک کو ایٹمی تصادم کے دہانے سے واپس کھینچا، مگر بھارت کی طرف سے اس کردار کو تسلیم نہ کرنے پر وہ شدید ناراض ہیں۔

وکاس نے امریکا کے موجودہ رویے کی ایک اور بڑی وجہ بھارت کے ”برکس“ اتحاد میں شامل رہنے کو بھی قرار دیا، جسے ٹرمپ ایک ”امریکا مخالف اتحاد“ سمجھتے ہیں۔

وکاس سواروپ نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں واشنگٹن میں اپنا اثر و رسوخ بڑھایا ہے، خاص طور پر تیل اور کرپٹو کرنسی کے منصوبوں کے ذریعے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان خود کو ”ساؤتھ ایشیا کا کرپٹو کنگ“ بنا کر پیش کر رہا ہے اور ٹرمپ فیملی کے کاروباری مفادات اس میں شامل ہیں۔

ان حقائق نے بھارت کی سبکی کو مزید واضح کردیا ہے۔

ایک طرف پاکستان عالمی سطح پر سفارتی کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، تو دوسری جانب بھارت نہ صرف امریکی صدر کی ناراضی کا شکار ہے بلکہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث عالمی تنہائی کی طرف بڑھ رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق، یہ صورتحال بھارتی خارجہ پالیسی کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ تنازع چلتا رہا تو یہ عالمی طاقتوں کے توازن کو بدل سکتا ہے، بھارت کی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچا سکتا ہے اور امریکا اور بھارت کے تعلقات بہتر بنانے کی کئی سال کی محنت ضائع ہو سکتی ہے۔

جنوبی ایشیا کے ماہر کرسٹوفر کلیری کہتے ہیں کہ ’ٹرمپ کو اپنا غرور ایک طرف رکھنا ہوگا، جبکہ مودی چاہتے ہیں کہ وہ بھارت کے مفادات پر سخت موقف رکھنے والے نظر آئیں۔‘

انہوں نے مزید کہا، ’ٹرمپ اور مودی کا ذاتی تعلق ٹوٹ چکا ہے، اب سوال یہ ہے کہ کیا اسے دوبارہ جوڑا جا سکتا ہے یا نہیں۔‘

سابق بھارتی وزیرِاعظم منموہن سنگھ کے میڈیا مشیر سنجے بارو کا کہنا ہے کہ مودی چاہتے ہیں لوگ انہیں پاکستان سے لڑنے والا ”طاقتور ہندو رہنما“ سمجھیں، اور اگر وہ امریکا کے کردار کو مان لیں تو یہ ان کی اس شبیہ کو نقصان پہنچائے گا۔

بارو نے کہا، ’جب آپ اندرونی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں تو خارجہ پالیسی پیچھے رہ جاتی ہے۔‘

جشن آزادی، معرکہ حق تقریب: وزیراعظم کا آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان

معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے، وزیراعظم کا تقریب سے خطاب
اپ ڈیٹ 14 اگست 2025 12:16am

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ پاکستان کی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔

جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کو یوم آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن کوئی عام دن نہیں اس کی طویل تاریخ ہے جس کے ہر موڑ پر ہمارے بزرگوں کی قربانیاں اور شہیدوں کے لہو کی نشانیاں ہر جگہ نظر آتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ محض آزادی کی جنگ نہیں تھی بلکہ دو قومی نظریہ کی فتح تھی، تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جن کی دور اندیش قیادت اور عظیم جدوجہد نے تاریخ بدل ڈالی۔

’بھارت بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں‘

شہباز شریف کے بقول ہم نے اس جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے، حال ہی میں کس طرح بھارت نے ایک جھوٹے اور خود ساختہ الزام کی آڑ لے کر اچانک پاکستان پر حملہ کیا، اسے یہ گھمنڈ تھا کہ وہ اپنی جنگی طاقت کے بدولت پاکستان کو زیر کرلے گا لیکن وہ یہ بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں بلکہ اس کے لیے ایسے نڈر بیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان جنگ میں کود پڑتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف 4 دنوں میں بھارت کا غرور خاک میں مل گیا کیوں کہ اس کا مقابلہ ایسی فوج سے ہوا جس کی پشت پر سپاہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹس چیف اسٹاف آف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایئر چیف مارشل ظہیر بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف جیسے بہادر اور قابل عسکری سالار کھڑے تھے اور ان کی کمان میں وہ جوان تھے جنہوں نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے۔

وزیراعظم کے بقول یہ وہ بہادر نوجوان ہے جو دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑتے ہیں اور ان کی مائیں اس دعا کے ساتھ انہیں گھروں سے رخصت کرتی ہیں کہ بیٹا اپنی جان دے دینا لیکن وطن کی آزادی ، سلامتی اور شان پر کبھی آنچ نہ آنے دینا، بھلا ایسی قوم کو کوئی شکست دے سکتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا عظیم بیٹا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا وہ عظیم بیٹا ہے جس نے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف ایسی دلیرانہ اور دانشمندانہ حکمتی عملی بنائی جس کا اعتراف دوست اور دشمن سب کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح 14 اگست 1947 کو ایک نئے آزاد ملک نے جنم دیا ایسے ہی 10 مئی 2025 کو ایک نئی قوم سامنے آئی، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ایٹمی طاقت کسی طور پر بھی جارحانہ سوچ نہیں رکھتی بلکہ ہم نے بھارت کی جوہری طاقت کے مقابلے میں اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کے لیے ایٹمی طاقت کا راستہ اپنایا۔

معرکہ حق میں کامیابی پر ہمارے مخلص دوستوں کا بھی ہاتھ ہے، شہبازشریف

شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر ہمارے مخلص دوستوں کا بھی ہاتھ ہے، جنہوں نے سفارتی سطح پر ہمارا ساتھ دیا اور مشکل گھڑی میں ہمارا حوصلہ بڑھایا، اس حوالے سے ہمارے بااعتماد دوست چین، سعودی عرب، ترکیہ، یو اے ای، ترکیہ، ایران اور آذربائیجان نے جس طرح عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کی پاکستان ان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر جنگ بندی کے لیے مثبت کردار ادا کیا، مجھے امید ہے کہ خطے میں دریپا امن کے لیے ٹرمپ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار اد اکریں گے۔

آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے یہ فورس ہماری جنگی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل اور دشمن کو ہر سمت سے نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھنے والی یہ فورس ہماری روایتی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے ایک اور سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے تعاون سے ایف بی آر کے کیسز جلد حل ہوئے، رواں سال قومی خزانے میں 100 ارب سے زائد رقوم جمع ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم کسی نئے فتنے کو جگہ نہیں دیں گے، سب کو احتجاج کا حق نہیں لیکن جلاؤ گھیراؤ کا نہیں، سیاست کا حق ہے لیکن ریاست کے خلاف بغاوت کا نہیں، ہم اسے کبھی پنپنے نہیں دیں گے۔

تمام جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ میثاق معیشت ہی نہیں قومی مفاد بھی ہے۔

معرکہ حق میں فتح اور جشن آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب

پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔

معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی شریک تھیں۔

اس کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔

مرکزی تقریب کا تلاوت قرآن پاک سے آغاز

مرکزی تقریب کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے ہوا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔

صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت دیگر شرکا کی قومی پرچم کو سلامی

تقریب کے دوران قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر شرکا نے اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔

پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتب دکھائے۔ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا۔ طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔

ہیروز آف پاکستان

دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ہیروز کو خصوصی انکلوژر میں بیٹھایا گیا، ان افراد کا تعلق مختلف شعبوں اور صوبوں و قومیتوں سے تھا۔

فن کا مظاہرہ

ملک کے معروف ڈھولچی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرمر گمبی نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔

اس کے علاوہ معروف گلوکار اور پٹیالہ گھرانے کے فرزند شفقت امانت علی خان نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے جذبے کو مزید بڑھایا۔

یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں

بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، ملک کے تمام شہروں، گلیوں اور محلوں میں ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار چھا گئی ہے۔

اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے معرکہ حق میں استعمال ہونے والے طیارے، ٹینک، توپیں، ریڈارز اور دیگر عسکری ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

دوسری جانب قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا۔

قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان معرکہ حق میں اپنے ملک کا جرات مندانہ تحفظ کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، معرکہ حق کے دوران عوام کی اپنی افواج کو دی جانے والی پشت پناہی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایوان تمام شہریوں کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔

پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی سے متعلق مذاکرات جاری ہیں، امریکا

پاک بھارت تنازع خوفناک صورتحال میں بدل سکتا تھا، امریکا
اپ ڈیٹ 13 اگست 2025 11:38am

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کا کہنا ہے کہ حالیہ جنگ میں پاک بھارت تنازع ایک ایسے مرحلے پر پہنچ گیا تھا جو انتہائی خوفناک صورتحال میں بدل سکتا تھا، تاہم امریکا نے بروقت مداخلت کرکے ممکنہ تباہی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا لمحہ اور بہترین مثال تھی کہ کس طرح وزیر خارجہ مارکو روبیو، نائب صدر کے ڈی وانس اور امریکی اعلیٰ قیادت نے معاملے کو سنبھالا اور دونوں ممالک کو کشیدگی سے نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور خطے کے امن کے لیے یہ تعلقات نہایت اہم ہیں۔

امریکا کی جانب سے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے سے کیا ہوگا؟

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی سے متعلق مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں دونوں ممالک نے دہشت گردی کیی ہر شکل کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور تعاون بڑھانے کے طریقوں پر اتفاق کیا۔

ٹیمی بروس کے مطابق امریکی سفارت کار دونوں ممالک کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور یہ خطے کے بہتر مستقبل کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹیمی بروس نے صحافیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پیشہ ورانہ خدمات انجام دینے والے صحافیوں کی ہم قدر کرتے ہیں، تاہم حماس کے بعض جنگجو صحافیوں کا روپ دھار کر عام لوگوں میں شامل ہو گئے ہیں۔

بھارت میں پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جانے لگا

انہوں نے کہا کہ امریکا غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

اپنے بیان میں ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر میں تنازعات کے خاتمے اور امن کے قیام کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان معاہدے کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ صدر ٹرمپ امن کے صدر ہیں، جبکہ روس اور یوکرین کے معاملے پر بھی مذاکرات جاری ہیں اور امریکا چاہتا ہے کہ یہ جنگ ختم ہو۔

معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے نقصانات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش

معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے 4 ارب روپے کا نقصان ہوا، خواجہ آصف
شائع 08 اگست 2025 01:20pm

معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے 4 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے نقصانات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔

قومی اسمبلی میں خواجہ آصف نے معرکہ حق کے بعد فضائی حدود کی بندش سے ہونے والے مالی نقصانات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کردی، جس کے جواب میں بھارت نے بھی پاکستان کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی۔

خواجہ آصف کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے روزانہ ایک سو سے ڈیڑھ سو بھارتی طیارے متاثر ہوئے ہیں۔ فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان ائیر پورٹس اتھارٹی کو 24 اپریل سے 30 جون 2025 تک 4.1 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سال 2019 میں بھی فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان کو 7.6 ارب روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

انھوں نے مزید کہا کہ فضائی حدود کی بندش کے باعث پاکستان کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑا تاہم قومی خود مختاری، دفاع اور وطن عزیز کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اس وقت بھارت کے علاوہ پاکستان کی فضائی حدود تمام ائیر لائنز کے لیے دستیاب ہے پاکستانی ائیر لائنز اور طیاروں پر بھی بھارتی فضائی حدود میں پرواز پر پابندی ہے۔

مودی سرکار کا ایک بار پھر جنگی جنون: نئے مہلک ہتھیاروں کی بھاری خریداری کا انکشاف

مہلک ہتھیاروں کا مجموعہ تشکیل دینا مودی سرکار کی آپریشنل تیاریوں میں ناکامی کا اعتراف ہے
شائع 08 اگست 2025 10:52am

معرکۂ حق میں پاکستان کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کے بعد، مودی سرکار کا جنگی جنون ایک بار پھر بے قابو ہو گیا۔ نئی دہلی خطے کو دوبارہ جنگ میں جھونکنے کے لیے مہلک ہتھیاروں کی بھاری خریداری میں مصروف ہے۔

بھارت کی مودی سرکار نے خطے کے امن کو ایک بار پھر داؤ پر لگا دیا ہے۔ جنگی سازوسامان کی ایک بڑی خریداری کی منظوری دے کر نئی دہلی نے خطے میں اپنی جنگی تیاریوں کا خطرناک عندیہ دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، مودی حکومت نے 87 مسلح ہیوی ڈیوٹی ڈرونز، 110 سے زائد براہموس میزائلز، اور دیگر خطرناک ہتھیاروں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، جن کی مجموعی لاگت 67 ہزار کروڑ روپے بنتی ہے۔

بھارتی اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، اس خطرناک عسکری منصوبے کے تحت:

٭ بھارتی فوج کے لیے تھرمل امیجنگ نائٹ سائٹس

٭ بھارتی بحریہ کے لیے براہموس فائر کنٹرول سسٹم، لانچر اور خودمختار سطحی جہاز

٭ بھارتی فضائیہ کے لیے ماؤنٹین ریڈار اور اسپائڈر ہتھیار نظام کی اپ گریڈیشن

٭ C-17 اور C-130J طیاروں کی دیکھ بھال کے فنڈز

٭ S-400 طویل رینج ایئر ڈیفنس سسٹم کی سالانہ مینٹیننس

اور ریموٹلی پیلٹڈ ایئرکرافٹ کی خریداری شامل ہے۔ دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آپریشن سندور کے دوران ہوا سے زمین پر مار کرنے والے میزائلوں کی کمی محسوس کی گئی، انٹیلی جنس، نگرانی اور ہتھیار اٹھانے کی صلاحیت والے 87ڈرونز کی لاگت 20ہزار کروڑ روپے ہو گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مہلک ہتھیاروں کا مجموعہ تشکیل دینا مودی سرکار کی آپریشنل تیاریوں میں ناکامی کا اعتراف ہے، S-400ائیر ڈیفنس سسٹم کی مینٹیننس جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں بڑی تباہی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جنگی ہتھیاروں کی بھر مار کر کے مودی پاکستان پر ایک بار پر جارحیت کی تیاری میں مشغول ہے، پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کا بڑا عسکری نقصان کرکے ثابت کیا کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

اسرائیل نے پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کے دوران بھارت کی مدد کا اعتراف کر لیا

آپریشن سندورمیں بھارت کو پاکستان کے جواب میں سخت ہزیمت اٹھانا پڑی
شائع 07 اگست 2025 11:54pm

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل نے مئی 2025 میں ہونے والے آپریشن سندور کے دوران بھارت کو تعاون فراہم کیا، جب اس نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کے مختلف مقامات پر حملے کیے تھے۔ آپریشن سندورمیں بھارت کو پاکستان کے جواب میں سخت ہزیمت اٹھانا پڑی۔

اسرائیل نے بالآخر پاکستان کے خلاف جنگ کے دوران بھارت کی عسکری مدد کا اعتراف کرلیا، بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی ورلڈ کے مطابق، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ بھارت نے آپریشن سندور کے دوران اسرائیلی ہتھیاروں اور دفاعی نظام کا مؤثر استعمال کیا۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ بھارت کو فراہم کردہ باراک-8 میزائل اور ہارپی ڈرونز نے میدان جنگ میں ”بہترین کارکردگی“ دکھائی۔ اسرائیلی وزیراعظم نے نے دعویٰ کیا کہ وہ سازوسامان جو ہم نے بھارت کو فراہم کیے، وہ میدان جنگ میں کامیاب ثابت ہوئے اور یہ ہماری ٹیکنالوجی کی آزمائش ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام بھارت کے عسکری ڈھانچے کا اہم حصہ بن چکا ہے اور دونوں ممالک خطے میں ”امن و استحکام“ کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بتایا کہ انہوں نے یروشلم میں اسرائیل میں بھارتی سفیر جے پی سنگھ سے ملاقات کی، اس دوران سیکیورٹی اور معیشت کے شعبوں میں اسرائیل اور بھارت کے درمیان تعاون کو مضبوط اور وسیع تر کرنے پر بات چیت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بھارت سے آئے ہوئے سینیئر صحافیوں کے ایک گروپ سے بھی ملاقات کی اور اُن کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے خلاف کارروائی کے دوران اسرائیلی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ روسی S-400 میزائل دفاعی نظام کا بھی استعمال کیا۔ ہارپی ڈرونز دشمن کے ریڈار سسٹمز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوئے، جبکہ باراک-8 نے فضائی خطرات کے خلاف دفاع میں کردار ادا کیا۔

تاہم، بھارت کو پاکستان کی جانب سے سخت اور مؤثر جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کی طرف سے جدید دفاعی حکمت عملی اور ٹیکنالوجی کے استعمال نے بھارتی عزائم کو ناکام بنایا۔

نیتن یاہو کا یہ اعتراف ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب خطے میں پاکستان، بھارت اور اسرائیل کے تعلقات اور تناؤ عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ مبصرین کے مطابق، یہ بیان اسرائیل اور بھارت کے درمیان دفاعی گٹھ جوڑ کی ایک کھلی مثال ہے، جو خطے میں طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔

لیجنڈ لیگ: بھارت کا راہِ فرار، پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے بھی انکار

انتظامیہ کے مطابق بھارت کے نہ کھیلنے کی صورت میں پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2025 10:02pm

بھارت نے پاکستان کے خلاف ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈ کا سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا، بھارتی میڈیا کے مطابق کل برمنگھم میں پاکستانی چیمپئنز کا بھارتی ٹیم سے ٹاکرا طے تھا۔ انتظامیہ کے مطابق بھارت کے نہ کھیلنے کی صورت میں پاکستان فائنل میں پہنچ جائے گا۔

بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست کی نذر کرتے ہوئے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کے سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف میدان میں اترنے سے انکار کردیا ہے۔ پاکستان چیمپئنز کے ٹیم ذرائع نے تصدیق کی بھارت کے سیمی فائنل کھیلنے سے انکار پر پاکستان فائنل میں پہنچ گیا۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے یہ قدم دو طرفہ تعلقات میں کشیدگی اور حالیہ ایشیا کپ شیڈول پر بھارت میں ہونے والے سیاسی شور و غل کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت چیمپئنز کی ٹیم جس میں یووراج سنگھ، شیکھر دھون، یوسف پٹھان اور دیگر سابق کھلاڑی شامل ہیں، پہلے ہی گروپ مرحلے میں پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کر چکی تھی۔

ادھر، ایونٹ انتظامیہ نے بھارتیوں کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہا کہ مقابلہ کرو، ورنہ پاکستان فائنل میں جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایونٹ انتظامیہ نے پاکستان کو واک اوور دے دیا، دوسرا سیمی فائنل کل جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے درمیان ہوگا۔ فاتح ٹیم ہفتے کو فائنل میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔

بھارتی ٹیم نے اپنی جگہ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر بنائی تھی، لیکن اب اہم مقابلے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کر کے نہ صرف کھیل کے جذبے کی نفی کی ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک منفی تاثر بھی چھوڑا ہے۔

دوسری جانب بھارتی اسپانسر ایزی مائی ٹرپ نے بھی پاکستان سے متعلق تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل سے خود کو علیحدہ کر لیا ہے اور ایک متعصب بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی میچ کا حصہ نہیں بن سکتے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کھیل کو بار بار سیاست کا نشانہ بنانا نہ صرف کرکٹ کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ کھیلوں کے ذریعے تعلقات بہتر بنانے کے امکانات کو بھی سبوتاژ کرتا ہے۔

امریکی صدر جب جب جنگ رکوانے کی بات کرتے ہیں تو مودی کا زخم تازہ ہوجاتا ہے، وزیر اعظم

پاکستان نے جنگ میں بھارت کو تاریخی شکست دی، فتح کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، شہباز شریف
شائع 29 جولائ 2025 09:24pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جنگ میں بھارت کو تاریخی شکست دی، جنگ میں فتح کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا، فوج نے دلیری اور مہارت سے دشمن کا مقابلہ کیا، امریکی صدر جب جب پاک بھارت جنگ رکوانے سے متعلق بیان دیتے ہیں تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہوجاتے ہیں، انہوں نے کئی بار کہا انہوں نے جنگ رکوائی، یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم نے جنگ رکوائی، امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں، شکست خوردہ بھارت کو اقوام عالم میں ذلت آمیز رسوائی کا سامنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن، پاک امریکہ تعلقات نئے دورمیں داخل ہونے جا رہے ہیں، ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی جبکہ ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے، ریلوے کی شاندار بحالی پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کی پذیرائی کریں گے۔ ملکی ترقی کیلئے ہمیں محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج مدتوں بعد مجھے ریلوے اسٹیشن لاہور آ کر بہت مسرت ہوئی، یہاں خوشگوار تبدیلی دیکھنے کو ملی، پاکستان ریلوے میں مثبت تبدیلی نظر آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک بزنس ٹرین میں صرف اشرافیہ کے لیے ہی نہیں بلکہ عام آدمی کے لیے یورپی ریلوے کی طرز پر شاندار سفری سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ٹکٹ کا پرانا نظام ختم کر کے جدید ڈیجیٹائز سسٹم متعارف کرایا گیا جبکہ مسافر لاؤنج ،استقبالیہ ڈیسک اور ٹرین میں یورپ کی طرز پر مسافروں کے لیے شاندار انتظامات پر وزیر ریلوے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی فراہمی میں ریلوے کا کلیدی کردار ہے، ریلوے نظام کو ٹھیک کرنے کو سراہتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حنیف عباسی نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور ریلوے کو دوبارہ پاؤں پر کھڑ ا کر دیا، ریلوے کی بہتری کے حوالے سے آج میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ابھی پہلا قدم ہے ابھی منزلیں بہت ہیں ،ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس طرح کی ٹرینیں چلائیں گے، اداروں کی بہتری اور ملکی ترقی کے لیے ہمیں دن رات کام کرنا ہے، محنت اور دیانت کو اپنا شعار بنا کر ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے، دنیا کو دکھا دیں گے، اگر نیت نیک اور اردہ مصمم ہو تو مشکل سے مشکل ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے خدمات کا کریڈٹ خواجہ سعد رفیق کو بھی جانا چاہیے، پی ڈی ایم دور میں خواجہ سعد رفیق نے بھی ریلوے کو بہتر انداز میں چلانے کی کوشش کی، اراضی واگزار کرانے اور ریلوے اسٹیشنز کو بہتر کرنے کے حوالے سے انہوں نے مجھے متعدد بار بریفنگ دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو فتح مبین کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے معرکہ حق میں پاک فوج نے دلیری اور مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر وقار بلند ہوا اور دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ہماری فضائی، بری اور بحری افواج نے بہادری ، مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے بہت ہی کم وقت میں اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے،

انہوں نے کہا کہ میں ایک ایک لمحے کا گواہ ہوں، پاکستان نے بھارت کو جنگ میں تاریخی شکست دی، یہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کی زندہ مثال ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار کہا کہ ہم نے جنگ رکوائی،امریکی صدر جب کہتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ ہم نے رکوائی تو مودی کے زخم دوبارہ تازہ ہو جاتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ہمارے ایٹمی اثاثے قومی سلامتی کے ضامن ہیں، دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا۔

ملکی معاشی حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عسکری فتح کے ساتھ ساتھ معاشی میدان میں بھی کامیابی ملی ہے، حکومتی اقدامات کی بدولت مہنگائی میں واضح کمی آئی ہے ،افراط زر کی شرح میں5 فیصد کمی آئی ہے، معاشی اعشاریے بہتری کی طرف گامزن ہیں اور یہ معاشی کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں معاشی میدان میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ چین پاکستان شاندار تعلقات کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں، چین کے ساتھ سی پیک فیز 2 کے لیے پوری طرح کوآرڈینیشن ہے، امریکا کے ساتھ از سر نو تعلقات استوار کئے جا رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسافر لاؤنج، استقبالیہ سمیت لاہور ریلوے اسٹیشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور انتظامات کو سراہا۔

بعد ازاں انہوں نے پاک بزنس ایکسپریس ٹرین کا افتتاح کیا اور ٹرین کوچز کا معائنہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے وزیر اعظم کو بریفنگ دی اور بتایا کہ پاک بزنس ٹرین لاہور سے کراچی کے درمیان چلے گی اور لاہور سے ساڑھے 18 گھنٹے میں کراچی پہنچے گی۔

بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا خسارہ 193 سے کم ہوکر 780 ارب پر آگیا

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کئی دہائیوں میں پہلی بار بجلی تقیسم کار کمپنیوں کے خسارے میں کمی آنا انتہائی خوش آئند ہے، خسارے میں کمی سے ان کمپنیوں کی نجکاری کا عمل آسان ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری، وفاقی سیکریٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر محمد فخر عالم اور ان کی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے پاور سیکٹر اصلاحات کے حوالے سے ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

شہباز شریف نے بہترین کارکردگی دکھانے والی اور خسارے میں کمی لانے والی بجلی کی تقیسم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو ستائشی خطوط بھیجنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی تقیسم کار کمپنیوں اور گردشی قرضوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی تقیسم کار کمپنیوں کا خسارہ 193 ارب روپے کم ہوا ہے، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے خسارے میں کمی کے حوالے سے سب سے اچھی کارکردگی دکھائی، بجلی تقیسم کار کمپنیوں کے خسارے میں 242 ارب روپے کی بہتری آئی ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گردشی قرضوں کا فلو 780 ارب روپے رہا ہے۔

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی پاک بھارت کرکٹ کے حق میں بول پڑے

سابق کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے نزدیک بالکل درست ہے
شائع 28 جولائ 2025 11:49am

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کرکٹ ماہر سارو گنگولی نے ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے مقابلے کی کھل کر حمایت کردی۔ انہوں نے کھیل کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سارو گنگولی نے اس میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’جو کچھ پہلگام میں ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے، اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ لیکن ہمیں کھیل کو روکنے نہیں دینا چاہیے۔ دہشتگردی کا خاتمہ ہونا چاہیے، لیکن کھیل جاری رہنا چاہیے۔ یہ سب ماضی کا حصہ بن چکا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا میرے نزدیک بالکل درست ہے، اور شائقین کو ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ایشیا کپ امارات میں شیڈول، وکرانت گپتا بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑے

واضح رہے کہ ہفتے کے روز ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ ایونٹ میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارتی زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک دہشتگرد حملے کے بعد متعدد بھارتی میڈیا اداروں اور عوامی حلقوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے مطالبات سامنے آئے تھے۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈ امریکا پہنچ گیا

ذرائع کے مطابق، BCCI نے ایشین کرکٹ کونسل کی حالیہ میٹنگ میں ایشیا کپ 2025 میں شرکت کی باقاعدہ منظوری دے دی تھی۔ چونکہ بھارت کو اس بار ایشیا کپ کی میزبان قوم قرار دیا گیا ہے، اس لیے اب کسی قسم کی واپسی کا امکان موجود نہیں۔

ایشیا کپ 2025 کا آغاز 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ ٹی 20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا، جبکہ پاک بھارت پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو طے پایا ہے۔ امکانات ہیں کہ روایتی حریف کم از کم دو بار اور زیادہ سے زیادہ تین بار آمنے سامنے آئیں گے۔

پاکستان سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے، اب فیصلہ بھارت کو کرنا ہوگا، دفتر خارجہ

پاکستان غزہ میں جنگ بندی اور 2 ریاستی حل کا مطالبہ کرتا ہے، شفقت علی خان کی پریس بریفنگ
شائع 24 جولائ 2025 06:12pm

ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کو سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے، بھارت کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ وہ کونسی پالیسی اپناتا ہے، پاکستان غزہ میں جنگ بندی اور 2 ریاستی حل کا مطالبہ کرتا ہے، پاکستان شام پر اسرائیلی حملوں کی شرید مذمت کرتا ہے، اسحاق ڈار نے دورہ امریکا میں اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نیویارک کے دورے پر ہیں، اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ مباحثے میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے یو این سیکرٹری جنرل اور صدر جنرل اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، پاکستان کی صدارت میں یو این سلامتی کونسل نے اہم قرار داد بھی منظور کی، پاکستان کی صدارت میں سلامتی کونسل نے قرارداد 2788 متفقہ طور پر منظور کی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسپتالوں اور اسکولز پر حملوں کی مذمت کی، پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی اور 2 ریاستی حل پر زور دیا، پاک، افغان، ازبک وزرائے خارجہ نے ریل منصوبے پر اجلاس کیا، پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات برسلز میں ہوئے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور جوہری توانائی پر مذاکرات ہوئے۔

شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی بمباری اور شام پر حملوں کی شدید مذمت کی، پاکستان نے فلسطین میں انسانی بحران پر فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا، صرف ایک خود مختار فلسطینی ریاست ہی مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ہے، پاکستان شام پر اسرائیلی حملوں کی شرید مذمت کرتا ہے، عالمی برادری پر اسرائیلی حملوں کو رکوانے کے لیے زور دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غزہ فلسطین میں اسرائیلیوں کے ہاتھوں درجنوں فلسطینیوں کی شہادت کی مذمت کرتا ہے، پاکستان اسرائیل پر فوری حملے روکنے کا مطالبہ کرتا ہے، ایران پاکستان کا قریبی ہمسایہ دوست ملک ہے، ایرانی صدر کے دورے کی تاریخ پر کام ہو رہا ہے، 26 جولائی ایرانی صدر کے دورے کی تاریخ میڈیا رپورٹس میں چلائی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہیں، امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی، مشرق وسطی کی صورتحال سمیت دیگر معاملات پر بات چیت ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام مسائل کا حل مذاکرات سے نکالنے کے حق میں ہے، تنازعات کے حل کے لیے بھارت کو مذاکرات کا کہہ چکے ہیں، پاک بھارت مسائل کے حل کے لیے امریکی کردار قابل تعریف ہے۔

شفقت علی خان نے مزید کہا کہ پی او آر کارڈز سے متعلق حکومت کی ہدایات کے منتظر ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ افغانستان انتہائی اہم تھا، افغانستان نے ہمارے تحفظات پر مثبت ردعمل دیا ہے، ملا امیر متقی کے دورہ پاکستان کی تاریخوں پر کام کررہے ہیں، محسن نقوی کے دورہ کابل میں سلامتی کے امور پر سرفہرست تھے۔

ان کہنا تھا کہ ایران جوہری معاملے سفارت کاری سے حل ہونا چاہئیں، کسی بھی بھارتی مہم جوئی کے جواب کے لیے تیار ہیں، معرکہ حق کے دوران بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور لیبیا کے قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان لیبیا میں قومی وحدت کی حکومت کو تسلیم کرتا ہے، لیبیا میں ہمارا سفارت خانہ فعال ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک افغان تجارتی معاہدہ انتہائی اہم ہے، مستقبل میں مزید اشیاء کے شامل ہونے کی توقع ہے، ہم برکس کی رکنیت کے لیے سنجیدہ ہیں، ایس سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی اہمیت سے مطمئن ہیں۔

ن لیگ کو قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت مل گئی، پیپلز پارٹی نے وزارتیں لینے کی خواہش ظاہر نہیں کی ، اسحاق ڈار

اللہ نے بھارت کیخلاف فتح عطا فرمائی، پاکستان نے کئی گنا بڑے دشمن کوسبق سکھایا، نائب وزیراعظم
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2025 08:12pm

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو اس کے 6 طیارے مار گرائے اور اسے سبق سکھا دیا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بھارت کے خلاف فتح عطا فرمائی، پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کوسبق سکھایا، اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف ایران کی سفارتی طور پر مدد کی، ن لیگ کو قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت مل گئی، پیپلز پارٹی نے وزارتیں لینے کی خواہش ظاہر نہیں کی، مشکل میں ساتھ دینے والی پیپلزپارٹی کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

لاہور میں حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ دربار کے 982 ویں سالانہ غسل کی تقریب منعقد ہوئی، روح پرور ماحول میں دربار شریف کو عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیا گیاجبکہ نائب وزیر اعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خصوصی شرکت کی۔

اسحاق ڈار نے لاہور میں واقع معروف مذہبی مقام داتا دربار کی زیارت کی، اس موقع پر صوبائی وزرا شجاع الرحمان، چوہدری شافع، بلال یاسین اور سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈپٹی وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

نائب وزیراعظم نے مزار شریف کو غسل دیا اور وہاں فاتحہ خوانی اور دعا کی اور مزار پر چادر چڑھائی، اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ڈپٹی وزیر اعظم کو مزار شریف پر جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ داتا گنج بخش کا عرس عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، وزیراعظم، صدر آصف علی زرداری، نواز شریف اور وزیر اعلی کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، داتا دربار کی تزئین و آرائش پر کام شروع ہو چکا ہے، گنبد بلند کردیا گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مسجد میں مدینہ منورہ والی چھتریاں لگائیں گے، صحن میں چھتریاں لگانے کے لیے مریم نواز نے اجازت دے دی ہے، امید ہے اگلے غسل سے پہلے داتا دربار کا سارا کام مکمل ہوجائے گا، اکتیس مئی 1999 کو نوازشریف نے پہلے افتتاح کیا تھا اب وہ دربار مکمل ہونے جا رہا ہے، شہبازشریف دن رات کوشش کررہے ہیں بے پناہ کامیابی ملی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو اس کے 6 طیارے گرائے، چھتیس گھنٹے میں اسی ڈرون بھیجے تو پاکستان نے انہیں سبق سکھایا، پاکستان کو بہت عزت و احترام اور کامیابی ملی۔

وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں کبھی کبھی مقام آتا ہے 2 سال کےلیے اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل کے رکن منتخب ہو چکے ہیں، ایران پر مشکلات آئیں تو اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اس کی سفارتی طور پر مدد کی، ایران نے تسلیم کرلیا سچا دوست پاکستان ہے، پارلیمنٹ میں بھی تشکر پاکستان کے نعرے لگائے، شہدا کے جنازوں میں پاکستان کے پرچم لہرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی دہشت گردی کے نتیجے میں ایرانی آرمی چیف کے جنازے میں بھی پاکستان کے حق میں نعرے لگتے رہے، پاکستان کا ایجنڈا یا خواہش جنگ لڑنے کی نہیں ہے، ہم خطے میں امن اور سلامتی چاہتے ہیں، اقتصادی ایجنڈہ ہے جس پر دن رات محنت کررہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آزربائیجان سے دو ارب ڈالر کا معاہدہ کیا، اب مہنگائی میں کمی آئی، 22 سے 11 فیصد سود رہ گیا ہے، ترقی ہوگی، عوام کی فی کس آمدنی بڑھے گی۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے کسی قسم کی خواہش کا اظہار نہیں کیا، وہ اتحادی ہیں مشکل وقت پر ساتھیوں کو نہیں چھوڑا جاتا، پیپلزپارٹی سے بہت تعاون کریں گے، دونوں جماعتوں کا اتحاد ہوا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ کہ قانون اپنا راستہ خود لے گا، اسپانسرڈ قسم کی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، سب جماعتوں سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ میں تمام جماعتیں ایک پلیت فارم پر اکٹھی ہوگئیں۔ دنیا نے پاکستانیوں کی مشترکہ آواز سنی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت جہاں بھی کرپشن ہو، اسے قانون کے تحت ختم ہونا چاہیئے، پاکستان ڈیفالٹ کے کنارے کھڑا تھا اگر تبدیلی نہ آتی تو ڈیفالٹ آجاتا، ڈیفالٹ ہوا میں اڑ گیا، 14 ارب ڈالر زرمبادلہ پہنچ گیا ہے۔

جنگ کے حوالے سے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیز فائر قائم ہے، خطرہ تو ہر وقت ہی ہے، الرٹ رہنا ہے، اگر کوئی وار کرے، ملک میں دہشت گردی ہو رہی ہے، اس لیے تیاری کی حالت میں ہیں، 30 خوارج کو واصل جہنم کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی مجبوری لگتی ہے، اس طرح کے بیانات سے گھبراتے نہیں، پہلے کامیابی ملی آئندہ بھی ملے گی۔

نائب وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب سے مذاکرات سات 8 ماہ سے چل رہے ہیں، عام ویزوں کا معاملہ بہتر کیا ہے، ان سے درخواست کی ہے کہ بلیو پاسپورٹ کو بھی رسائی دیں۔

جنگ میں ہزیمت کے بعد مودی کی سیاست کے دن گنے جاچکے ہیں، خواجہ آصف

شنگائی تعاون تظیم اجلاس میں بھارت کو اپنی بات منوانے کا موقع نہیں ملا، وزیر دفاع
شائع 30 جون 2025 09:27pm

وزیر دفاع خواج آصف کا کہنا ہے کہ جنگ میں ہزیمت کے بعد مودی کی سیاست کے دن گنے جاچکے ہیں، مودی جھوٹے بیانیے سے عزت بچانا چاہ رہا ہے، شنگائی تعاون تظیم اجلاس میں بھارت کو اپنی بات منوانے کا موقع نہیں ملا، پاکستان کا مؤقف درست تھا جسے تسلیم کیا گیا، ثالثی عدالت کے فیصلے سے واضح ہوگیا کہ سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ اجلاس میں بھارت کی جھوٹی تشہیر اور گمراہ کن مؤقف کو کسی بھی ملک نے تسلیم نہیں کیا جبکہ پاکستان کا نقطہ نظر عالمی سطح پر سراہا گیا، اجلاس کے دوران ماحول خوشگوار اور غیر متنازع رہا، تمام کارروائی تنظیم کے قواعد و ضوابط کے تحت انجام دی گئی، اجلاس میں کسی ملک کو دوسرے کی تقریر پر تنقید کرنے یا جوابی مؤقف پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی، جس کے باعث بھارتی وزیر دفاع کو موقع نہیں ملا کہ وہ پاکستان کے مؤقف کو چیلنج کر سکیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم پر موجود تمام رکن ممالک نے پاکستان کے مؤقف کو سنجیدگی سے لیا اور اس سے اتفاق کیا جبکہ بھارت اپنی روایت کے مطابق ایک بار پھر جھوٹ پر مبنی بیانیہ لے کر آیا مگر وہ قابل قبول نہیں رہا۔

سندھ طاس معاہدے سے متعلق سوال پر وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فریق اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت اس وقت ضد اور ہٹ دھرمی پر اتر آیا ہے کیونکہ اسے ماضی کی جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مودی حکومت اب اپنے سیاسی زوال کو چھپانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لے رہی ہے، مگر سچائی چھپ نہیں سکتی اور بھارتی وزیر اعظم کی سیاست اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ امن اور حقائق کی بات کی ہے اور اس بار بھی ایس سی او میں ہماری سچائی کو تسلیم کیا گیا جبکہ بھارت کو ایک بار پھر عالمی سطح پر خفت اٹھانا پڑی۔

اگر بھارت نے پانی روکا تو یہ اعلان جنگ ہوگا، خواجہ آصف

اپنے ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ممکن ہے کہ مودی پھر کوئی حرکت کرے، مودی کے رویے سے بھارت کو بہت نقصان ہوا ہے، ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ثالثی عدالت کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں، اس کے باوجود بھارت کہتا ہے ہم پانی روکیں گے، اگر بھارت نے پانی روکا تو یہ اعلان جنگ ہوگا، ہم پھر بھارت کے ساتھ لڑیں گے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ایوب خان نے پاکستان کا پانی بیچا، ضیا الحق نے پاکستان کو پورا کلچر بیچ دیا، ہمارے پاس بھارت کے دہشت گردی کے ثبوت ہیں۔

چاہتا ہوں میرے وزیراعظم بننے سے پہلے امن ہوجائے، بلاول نے بڑی خواہش کا اظہار کردیا

فیلڈ مارشل کا دورہ امریکا پہلے سے طے تھا، عین ممکن ہے ٹرمپ پاکستان کا دورہ کریں، چیئرمین پیپلز پارٹی
شائع 25 جون 2025 11:12pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل نے پاک بھارت جنگ کو خود لیڈ کیا، ہاری ہوئی جنگ کے سربراہ کو کوئی دعوت نہیں دیتا، ایسے کھانے جیتی ہوئی جنگ کے سربراہ کو ملتے ہیں، وائٹ ہاؤس میں لنچ پاکستان کی تاریخ بے مثال واقعہ ہے، فیلڈ مارشل کا امریکا کا دورہ پہلے سے طے تھا، عین ممکن ہے کہ ٹرمپ پاکستان کا دورہ کریں، چاہتا ہوں میرے وزیراعظم بننے سے پہلے پاکستان اور بھارت درمیان امن قائم ہوجائے۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پورا ملک ایک ہوگیا تھا، باہر بھی یہ تاثر تھا کہ پاکستان میں تقسیم پیدا ہوگئی لیکن پاک بھارت جنگ میں ایک اتحاد قائم ہوا، سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ڈیجیٹل محاذ سنبھالا، 5 دن کی جنگ کے بعد پاکستان کا کیس مضبوط کرنے کا ٹاسک ملا، پاکستان سچ اور بھارت جھوٹ کے ساتھ کھڑا تھا، بھارت نے جہاز گرنے کی خبریں بھی چھپائیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اپنے خطے میں امن کی بات کرتے ہیں، سندھ طاس معاہدہ اور کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے حل ہو، بھارت چاہتا تھا پاکستان کا نام ٹیرستان بن جائے، ہم نے اپنا کیس بہترین انداز میں لڑا، ہمارے سفیر پاکستان کا محاذ سنبھال رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک بھارت جنگ کو خود لیڈ کیا، ہم نے بھارت کے 6 جہاز گرائے، سیز فائر جب قبول کرتے ہیں جب ملٹری کا ہاتھ اوپر ہو، ہم سب ان کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، ہاری ہوئی جنگ کے سربراہ کو کوئی دعوت نہیں دیتا، ایسے کھانے جیتی ہوئی جنگ کے سربراہ کو ملتے ہیں، وائٹ ہاؤس میں لنچ پاکستان کی تاریخ کا بے مثال واقعہ ہے، فیلڈ مارشل کا امریکا کا دورہ پہلے سے طے تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامرس سیکرٹری اور وزیرخارجہ بھی امریکا جائیں گے، عین ممکن ہے کہ ٹرمپ پاکستان کا دورہ کریں، فیلڈ مارشل کی ٹرمپ سے ملاقات بہت بڑی کامیابی ہے، آج رات وزیراعظم سے وفد کے ہمراہ ملاقات کروں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سمجھا گیا کہ مودی واجپائی جیسا ہوگا، مودی سے خیر کی امید نہ رکھیں، اس نے اپنا چہرہ دکھا دیا، پاکستان نے اپنے سے بڑی طاقت کو شکست دی، میزائل کا جواب دیا تو بھارت سیز فائر کے لیے مجبور ہوا، دہشت گردی پاکستان اور بھارت دونوں کا مسئلہ ہے، ہمیں نسل در نسل پانی پر نہیں لڑنا چاہیئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے بڑی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہتا ہوں میرے وزیراعظم بننے سے پہلے امن ہوجائے، پاکستان اور بھارت دونوں ممالک میں امن ہوجائے، مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت میں امن نہیں آسکتا، اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو میں پاکستان سے مطالبہ کروں گا کہ بھارت سے جنگ لڑے، بھارت سے جنگ لڑنا پاکستان کے لیے قانونی ہوگا۔

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر سے رابطہ، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہے، وزیراعظم
شائع 24 جون 2025 10:41pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایرانی صدر مسعود پیزیشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور جنگ بندی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے رواں برس حج کی کامیاب تکمیل پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی جبکہ شہبازشریف نے پاکستانی حجاج کی مہمان نوازی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظ شہباز شریف نے ہندوستان تنازع میں سعودی عرب کی پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب مسائل پر بھارت سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی کشیدگی میں فوری کمی کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان تنازع کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا حامی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا جبکہ وزیراعظم نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو خطے میں امن کی بحالی کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی ولی عہد نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کو سراہا جبکہ انہوں نے حالیہ تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، مذاکرات اور سفارت کاری سے امن کی بحالی پر زور

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال اور جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں تیزی سے ابھرتی ہوئی صورتحال پر مستقل طور پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

شہباز شریف نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن کی بحالی کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام سفارتی فورمز پر ایران کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تمام فریقوں سے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری پر زور دیا۔

ایرانی صدر پیزیشکیان نے حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں پاکستان کے تعمیری کردار کا بھی اعتراف کیا۔

دونوں رہنماؤں نے مشکل ترین وقت میں امت کے درمیان اتحاد کی اہمیت پر اور آپس میں رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

پاک بھارت جنگ بندی: بھارتی سیاستدان اور میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ کی کردار کشی کرنے لگے

28 اپریل کے بعد صدر ٹرمپ کی پوزیشن بدلی اور وہ پاکستان کا سپورٹر بن گیا، ارناب گوسوامی
شائع 22 جون 2025 12:13pm

پاک بھارت جنگ بندی کے بعد بھارتی سیاستدان اور میڈیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کردار کشی کرنے لگے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاک بھارت کشیدگی میں جنگ بندی کے دعوے پر بھارتی حکومت اور میڈیا تاحال سیخ پا ہیں، بھارتی حکومت اور میڈیا کی جانب سے اس بات کو لے کر امریکی صدر کی کردار کشی کی جارہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا 10 مئی کو ایکس پوسٹ کے ذریعے پاک بھارت جنگ بندی کا اعلان کرتے ہی بھارتی میڈیا اینکر ارناب گوسوامی نے امریکی صدر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

ارناب گوسوامی نے اپنے پروگرام میں کہا کہ ’’ٹرمپ اپنا بیانیہ بیچ رہا ہے، ٹرمپ اسرائیل، حماس اور روس یوکرین کے درمیان جنگ بندی نہیں کروا سکا، ٹرمپ کی ریٹنگ گررہی ہے تو یہ پوائنٹ اسکورننگ کر رہا ہے۔‘‘

بھارتی جماعت ’’عام آدمی پارٹی‘‘ نے بھی سوال اٹھایا کہ امریکی صدرکا کیا کام ہے کہ وہ جنگ بندی کرائے، راجھستان کے سابق ڈپٹی وزیراعلیٰ سچن پائلٹ نے ٹرمپ سے یہ سوال بھی کیا کہ ٹرمپ دہشت گردی پر خاموش کیوں ہیں؟ بھارتی میڈیا میں ٹرمپ کا یہ بیان بھی چلایا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے جنگ بندی نہیں کرائی بلکہ مدد کی ہے۔

ارناب گوسوامی کا کہنا تھا کہ 28 اپریل کے بعد صدر ٹرمپ کی پوزیشن بدلی اور وہ پاکستان کا سپورٹر بن گیا۔

بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کا مطابق ’’ورلڈ لیبرٹی فنانشنل پاکستان کے ساتھ کرپٹو معاہدے میں شریک ہے، ورلڈ لیبرٹی فنانشل اور پاکستان کرپٹو کونسل کے درمیان یہ معاہدہ 26 اپریل یعنی پہلگام واقعے کے 4 روز بعد ہوا۔

بھارتی میڈیا نے صدر ٹرمپ کی فیملی کے حوالے سے بھی الزام لگایا کہ کیا یہ کرپٹو معاہدے سے فائدہ نہیں اٹھا رہے؟ بھارتی میڈیا نے بغیر شواہد یہ الزام بھی عائد کیا کہ صدر ٹرمپ کے کرپٹو بزنس کو پاکستانی آرمی جنرل نے سنبھال رکھا ہے۔ بھارتی میڈیا کے الزام کے مطابق کور کمانڈر کے بھتیجے کا صدر ٹرمپ کو منانے یا راضی کرنے میں بڑا کردار ہے جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی صدر ٹرمپ سے ملاقات کے بعد بھارتی میڈیا مزید بدحواس ہو گیا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا پر امریکی صدر کو نوبیل پرائز کے حوالے سے بھی نشانہ بنایا گیا جبکہ بھارتی سوشل میڈیا پر ان کے کارٹون بنا کر دہشت گرد کا ساتھی ظاہر کیا گیا۔ بھارتی میڈیا نے صدر ٹرمپ کو ایک مریض کے طور پر پیش کیا جبکہ بھارتی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ ایک ناکام سیاست دان ہے اور یہ شخص صدر نہیں ہونا چاہیئے۔

بھارتی سیاست دان نے کہا کہ امریکی صدر نے بھارت کو بہت زیادہ ناراض کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی صدر پاک بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ خود لینا چاہتے ہیں مگر یہ ممکن نہیں ہے، امریکی صدر کو کچھ بھی پتہ نہیں انہیں زمینی حقائق تک معلوم نہیں اور وہ خود کو گلوبل پیس میکر ثابت کر رہا ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا اعتبار کیا جائے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔

سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے مطابق ’’مودی نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ بندی میں ٹرمپ کا کوئی کردار نہیں تھا۔‘‘

بھارتی ایکس اکاؤنٹ پر بھی ٹرمپ کے حوالے سے کہا گیا کہ ایک روز ٹرمپ کہتا ہے اس کا اسرائیل کے ایران حملے سے کوئی تعلق نہیں اور دوسرے روز امریکا کہتا ہے کہ ان کا ایران کی فضا پر مکمل کنٹرول ہے۔

پاک بھارت جنگ بندی: پاکستان نے بھارتی میڈیا کے دعوے مسترد کر دیے، امریکا اور سعودی عرب کا کردار تسلیم

پاکستان کا مؤقف واضح رہا کہ اس نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور کسی قسم کی جنگ بندی کی التجا نہیں کی، بلکہ ذمہ دار ریاست کے طور پر مناسب موقع پر سفارتی پیش رفت کو قبول کیا، دفتر خارجہ
شائع 21 جون 2025 10:14am

دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ پاکستان نے حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعہ کی شب جاری بیان میں کہا کہ ’ہم ان دعوؤں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد جنگ بندی کی درخواست کی۔‘

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق، دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے انٹرویوز اور بیانات میں واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جو ہمارے حقِ دفاع کا حصہ تھا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ جنگ بندی کے عمل میں دوست ممالک، خاص طور پر سعودی عرب اور امریکہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا، ’واقعات کی ترتیب واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان نے نہ تو خود جنگ بندی کی پیشکش کی اور نہ کسی تیسرے فریق سے ایسا کرنے کو کہا، بلکہ 10 مئی 2025 کو صبح 8 بج کر 15 منٹ پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے اطلاع دی کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہے، بشرطیکہ پاکستان بھی تیار ہو۔‘

ترجمان کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے اس پیشکش کو قبول کرنے کی تصدیق کی۔

بیان کے مطابق، بعد ازاں، صبح 9 بجے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور بھارتی آمادگی کی بابت اسی نوعیت کی تصدیق اور جواب طلب کیا جیسا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ اس پوری صورتحال میں پاکستان کا مؤقف واضح رہا کہ اس نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور کسی قسم کی جنگ بندی کی التجا نہیں کی، بلکہ ذمہ دار ریاست کے طور پر مناسب موقع پر سفارتی پیش رفت کو قبول کیا۔

پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کرتا رہے گا، ترجمان پاک فوج

بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
شائع 19 جون 2025 05:05pm

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ بنیان المرصوص میں کامیابی امن کی جیت ہے اور پاکستان نے ہمیشہ امن کو جنگ پر فوقیت دی ہے، پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیلانی آئی ٹی پروگرام کراچی کے طلبا کے ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر کی خصوصی نشست ہوئی۔ طلبا کی جانب سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا پُرجوش استقبال کیا گیا۔

طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپ لوگوں نے معلومات کی جنگ میں پاکستان کے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، پاکستان کی افواج منظم اور پیشہ ورافواج ہیں، جو آئین کے تحت اور ریاستی احکامات کے مطابق اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان خطے میں نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اس موقع پر طلبا کا کہنا تھا کہ اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، چاہے ہمیں کسی بھی محاذ پر پاک فوج کا ساتھ دینا پڑے، پاک افواج ہماری پہچان ہیں اور ہم عوام ہی ان کی اصل طاقت ہیں۔

طلبا نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نشست کو سراہا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے انٹریکشن ہوں۔ پاکستان ہمیشہ زندہ باد!

امریکا نے جیسے جنگ رکوائی ویسے مسئلہ کشمیر بھی حل کرے، خواجہ آصف

جو چاہیں گے اپنے دفاع میں کریں گے، بھارت کو تشویش ہورہی ہے، تو ہونے دیں، نجی ٹی وی سے گفتگو
شائع 18 جون 2025 11:13pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکا نے جیسے جنگ رکوائی ویسے مسئلہ کشمیر بھی حل کرے، جو چاہیں گے اپنے دفاع میں کریں گے، بھارت کو تشویش ہورہی ہے، تو ہونے دیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کو اگر کھرک ہورہی ہے، تشویش ہورہی ہے تو ہونے دیں، پاکستان کو اپنے دفاع کے لیے جو چاہے حاصل کرنے کا حق ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ کشیدگی ختم ہو تو کشمیر مسئلہ ختم کرے، بھارت سندھ طاس معاہدے کو معطل کرسکتا ہے، تو شملہ معاہدہ بھی دو طرفہ نہیں ہوسکتا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ امریکا نے جس طرح جنگ رکوائی تو کشمیر کا مسئلہ بھی حل کرے، پاکستان جدید ترین اسلحہ حاصل کرے گا۔

مودی کی ڈھٹائی، پاک بھارت تنازع پر امریکی ثالثی ماننے سے انکار

ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ وہ مدد کی پیشکش کرتے ہیں اب یہ اس ملک پر منحصر ہے کہ وہ اسے قبول کرتا ہے یا نہیں، امریکی محکمہ خارجہ
شائع 18 جون 2025 03:30pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کی بین الاقوامی کوششوں کو رد کرتے ہوئے امریکی ثالثی کی پیشکش کو سختی سے مسترد کر دیا۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری کے مطابق نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے 35 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو میں واضح کیا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کسی تیسرے فریق کی ثالثی کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی کرے گا۔

بھارتی سیکریٹری خارجہ کے مطابق نریندر مودی نے مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ٹرمپ کو کہا کہ آپریشن سندور تاحال جاری ہے۔

مودی سرکار کا دوغلا چہرہ بے نقاب: گاؤ رکھشا کا راگ، مگر گائے کا گوشت بیچ کر اربوں ڈالر کی کمائی

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا صدر ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے مودی کی اجازت درکار ہے؟ ترجمان نے جواب دیا کہ صدر ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ہر ملک کو اپنے مستقبل کا تعین کرنے کا حق حاصل ہے، ہم صرف مدد کی پیشکش کر سکتے ہیں، قبول کرنا متعلقہ ممالک پر منحصر ہے۔

اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، اسحاق ڈار کی وارننگ

پاکستان کی اسرائیل پرنیو کلیئر حملے کی دھمکی کی خبر بے بنیاد ہے، سینیٹ میں اظہار خیال
شائع 16 جون 2025 05:55pm

سینیٹ میں قائد ایوان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے سینیٹ فلور سے اسرائیل کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، ایٹمی ہتھیار ہمارے دفاع کے لیے ہیں، پاکستان کی اسرائیل پرنیو کلیئر حملے کی دھمکی کی خبر بے بنیاد ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس ہے، ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ گمراہ کن مس انفارمیشن پھیلائی جارہی ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق کل ایک کلپ چل رہا تھا معلوم ہوا کہ جنریٹ ہوا ہے، ٹرمپ کا خواجہ آصف کے حوالے سے کلپ جعلی تھا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اومان اور ایران کے وزرائے خارجہ نے مجھے اپ ڈیٹ کیے رکھا، 15 جون کو مذاکرات ہونے تھے لیکن یہ کام ہوگیا، یو این سیکیورٹی کونسل کی 24 گھنٹے میں میٹنگ ہوئی، یو این سیکیورٹی کونسل کی میٹنگ سے متعلق ہم نے اپنا کردار ادا کیا، ایران کے پی آر نے پاکستان سمیت 4 ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایران نے کہا کہ اسرائیل کے حملے کا توجواب دیں گے، ایران نے کہا جواب دینے کے بعد اسرائیل نے دوبارہ حملہ نہ کیا تو مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہم نے کہا دوسری سائیڈ کو روکا جائے تو ایران بات کے لیے تیار ہے، ہم نے بھی تو حملے کا جواب دیا تھا۔

سینیٹ اجلاس کے دوران خطاب میں وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اگر نیتن یاہو کا انٹرویو 2011 کا بھی ہے تو اسے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیئے، 13 جون کے بعد جعلی خبریں سامنے آئیں، ایسی صورتحال میں سب کو خیال رکھنا چاہیئے، غلط اور گمراہ کن خبریں چلائی جارہی ہیں، ہمیں احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا، یہ بچوں کا کھیل نہیں ایک سنجیدہ قسم کی جنگ جاری ہے، پاکستان کا جوہری پروگرام ملکی دفاع کے لیے ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے مذاکرات میں مسلسل میرے ساتھ رابطہ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ایران حالت جنگ میں ہے، ایئر اسپیس بند ہوچکی ہے، وزارت خارجہ میں کرائسز یونٹ کو فعال بنا دیا ہے، آج رات تک 251 طلبا کوئٹہ پہنچ جائیں گے، 500 سے زائد زائرین کی واپسی کا عمل جاری ہے، ایران کے 20 ہزار حاجی سعودی عرب میں ہیں، ایران کی اپیل کا جواب ہم نے مثبت دیا، ہم ان حاجیوں کو آن ارائیول ویزہ دیں گے، پاکستان لانے کے بعد انہیں روڈ کے زریعے ایران بھیجیں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ایران اسرائیل جنگ پر وزارت خارجہ سے متعلق فیک نیوز گھڑی گئی، وزارت خارجہ نے ایران سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا، فیک نیوز کے حوالے سے ہمیں چیزوں کو کلیئر کرنا چاہیئے، ہم کسی بھی بات کو ہلکا نہیں لے رہے، پاکستان خطے کی صورتحال سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے۔

اپنے خطاب میں نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسرائیل پر نیوکلیئر حملے کی دھمکی کی خبر بے بنیاد ہے، اس جعلی خبر کو ڈیلی میل نے بھی اٹھالیا، یہ خبر ایران کے ایک جنرل کا بیان بنا کر چلائی گئی، ایٹمی ہتھیار ہمارے دفاع کے لیے ہے، 6 مئی کی رات سے10 مئی کی صبح تک بھارت کی چودھراہٹ ختم ہوگئی، اپنی تباہی دیکھ کر بھارت کو ہوش آئی۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو کی سوا 8 بجے کال آئی، روبیو نے کہا کہ بھارت کہہ رہا ہے کہ ہم تیار ہیں، ہم نے کسی سے نہیں کہا کہ آئیں جنگ بند کروادیں، جنگ بندی کے لیے بھارت امریکا کے پاس گیا، ہم نے این پی ٹی پر سائن نہیں کیے ہیں، ہم نے کہا کہ بھارت سائن کرے گا تو ہم کریں گے، کسی ملک کی ایٹمی تنصیبات ایک سیریس جرم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیوکلیر ہتھیار ہماری اپنی سیکیورٹی کے لیے ہے، ہماری جانب سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا، وہ کلپ 3 جگہ سے چیک کرایا، اے آئی جنریٹڈ تھا، جو اپنے آپ کو بہت بڑی قوت سمجھتے تھے انہوں نے دیکھ لیا، جو ہماری جانب میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال لیں گے، اسرائیل کی جرات نہیں پاکستان کی طرف دیکھے، پاکستان میں کسی بھی حرکت کا جواب دینے کی قوت ہے، اگر کچھ کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں، پاکستان نے اسرائیل سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا، سیز فائر تو ہے لیکن بھارت کی جانب سے عجیب عجیب بیان آجاتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ہم ہالٹ پر ہیں، کبھی کہتے یہ تو ٹریلر تھا، بھارت جوبھی کرے گا اسے پہلے جیسا ہی جواب ملے گا، ہمارے پاس اور کوئی اسپیس نہیں ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم نے پیٹ کاٹ کر نیکلیر اور میزائل فیسیلٹی قائم کی، یہ قوم کے اثاثے اور امانت ہیں، اس کی حفاظت ہم پر فرض ہے اور ہم یہ فرض نبھائیں گے۔

بھارت کا بڑھتا ہوا دفاعی بجٹ اور پاکستان کی دفاعی ضروریات

پاکستان کیلئے دفاعی بجٹ میں اضافی کیوں ناگزیر ہے؟
شائع 10 جون 2025 02:57pm

پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور بھارت کا مسلسل بڑھتا جنگی جنون پورے خطے بالخصوص جنوبی ایشیا کے امن کے لیے مستقل خطرہ ہے، بھارت کی عسکری حکمت عملی ہمیشہ پاکستان کے گرد گھومتی رہی ہے، چاہے وہ سرحدی خلاف ورزیاں ہوں یا سپانسرڈ دہشتگردی۔ ”معرکہ حق“ میں ناکامی کے بعد جنگ بندی کے لیے بھارت کو امریکہ کے پاس جانا پڑا۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے ذریعے عالمی امن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

بھارت کا دفاعی بجٹ مالی سال 2025-26 میں 6 لاکھ 81 ہزار 210 کروڑ روپے (تقریباً 77.4 ارب ڈالر) تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ سال سے 9.5 فیصد زیادہ ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد کے مطابق، بھارت کے دفاعی اخراجات میں گزشتہ پانچ سالوں میں 94 فیصد اور دس سالوں میں 170 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اپنانا اور پاکستان کے خلاف دفاعی صلاحیتیں مضبوط کرنا ہے۔

بھارت نے پاکستان کے خلاف بلاجواز جارحیت میں جدید جنگی ٹیکنالوجی، خاص طور پر اسرائیلی ساختہ ہیروپ، ہارپی اور سوارم ڈرونز کا استعمال کیا۔ یہ خودکار یا انسانی کنٹرول والے خودکش ہتھیار ہیں۔ بھارت اپنی فوجی طاقت بڑھانے کے لیے بھاری دفاعی بجٹ مختص کرتا ہے اور جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی سرحد کے قریب بھارتی فضائیہ کی وسیع مشقیں بھی جاری ہیں جنہیں دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑی فضائی سرگرمیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ ان مشقوں میں رافیل، میراج 2000، اور سخوئی-30 طیارے شامل تھے۔ ایک اہم پیش رفت بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے 10,000 کروڑ روپے کے I-STAR نگرانی اور اسٹرائیک طیارہ منصوبے کی منظوری کی توقع ہے، جس کا مقصد فضائی برتری کو بڑھانا ہے۔

اس کے برعکس پاکستان کا دفاعی بجٹ 1980ء کے بعد سے کم ہوتا رہا ہے، مگر اس کے باوجود مسلح افواج نے دہشتگردی اور دیگر چیلنجز کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے۔ پاکستان کے دفاعی بجٹ کی زیادہ تر رقم افواج، جن میں بری، بحری، فضائی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں، کے اہلکاروں کی تنخواہوں، سماجی خدمات، شہداء اور ریٹائرڈ فوجیوں کے فنڈز پر خرچ ہوتی ہے۔

موجودہ حالات اور بھارتی جنگی جنون کے تناظر میں پاکستان کے دفاعی بجٹ میں اضافہ ایسی ضرورت ہے جسے کسی قیمت پر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ جدید دور کی جنگوں میں سائبر حملے، ڈرون، مصنوعی ذہانت (AI) اور معلوماتی جنگ (Information Warfare) کے ذریعے بھی دشمن کو نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ پاکستان کو بھی ان جدید شعبوں میں اپنی دفاعی تیاری کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

پاکستان کو بھارت کی جانب سے مسلسل خطرات کے پیش نظر اور اپنی دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چین اور دیگر دوست ممالک کی جانب سے دفاعی معاہدوں کی پیشکش کی گئی ہے، جن میں ففتھ جنریشن جے-35 سٹیلتھ جنگی طیارے، کے جے-500 ایواکس، اور ایچ کیو-19 لانگ رینج بیلسٹک دفاعی نظام شامل ہیں۔

یقیناً دفاعی خود مختاری کے اس عمل میں ان معاہدوں کو عملی جامع پہنانے اور ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے ایک خطیر رقم درکار ہے۔ دفاعی بجٹ میں یہ اضافہ اگرچہ ابھی بھی بھارتی دفاعی بجٹ کے مقابلے میں بہت کم ہے مگر یہ کہا جاسکتا ہے کہ کچھ حد تک یہ اضافہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ملکی سلامتی اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ناگزیر ہے۔