فلم باہو بلی2 کی کامیابی اور سوشل میڈیا پر' ہندو مسلم' کی بحث

شائع 10 مئ 2017 05:10am
 بھارت میں فوٹو شاپ کی ہوئی یہ تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے-بی بی سی اردو بھارت میں فوٹو شاپ کی ہوئی یہ تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے-بی بی سی اردو

انڈیا کی مختلف زبانوں میں ریلیز ہونے والی فلم 'باہوبلی -2' اب تک کمائی کے لحاظ سے کئی ریکارڈز قائم کر چکی ہے۔

یہ دنیا بھرسے ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کما چکی ہے اور ناظرین اس کی تعریف کے پل باندھ رہے ہیں۔ کوئی اسے ہالی وڈ کو ٹکر دینے والی فلم کہہ رہا ہے تو کوئی اس کا مقابلہ معروف فلم 'گلیڈیئٹر' سے کر رہا ہے۔

اس کے علاوہ 'باہوبلی-2' کی تعریف میں خاص مذہبی رجحان بھی شامل ہے اور ایک طبقے کا کہنا ہے کہ یہ ہندوؤں کی فلم ہے۔

 بی بی سی اردو کے مطابق سوشل میڈیا میں اس کے متعلق گرما گرم بحث جاری ہے اور ایسے میں بولی وڈ کے معروف اداکاروں عامر خان، سلمان خان، شاہ رخ اور سیف علی خان کے ساتھ دوسرے مسلم اداکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جب فلم 'بابوبلی' کا پہلا حصہ آیا تھا اس وقت بھی اس نے اچھی کمائی کی تھی اور سوشل میڈیا پر اسے ہندو فلم کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی تھی اور عامر خان کی فلم 'پی کے' کی تنقید کی گئی تھی جس میں بظاہر ہندو مذہب کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس میں ایک پاکستانی کردار کو بھی پیش کیا گیا تھا۔

'باہوبلی' کو ہندوؤں کی فلم کہنے والے بہت سے لوگوں کا الزام ہے کہ بولی وڈ میں خان اداکار ہندو دیوی دیوتاؤں کی توہین کرتے ہیں۔

ایسے لوگوں کو شاید یہ علم نہیں کہ انڈیا کے معروف ترین ٹی وی سیريل 'مہا بھارت' کی اسکرپٹ اور اس کے مکالمے ایک مسلمان راہی معصوم رضا نے لکھے تھے۔

انھیں شاید 1997 میں ٹی وی پر آنے والا سیریل 'ہنومان' بھی یاد نہیں جسے ایک مسلمان سنجے خان نے پیش کیا تھا۔

بولی وڈ کے کئی مشہور بھجن لکھنے والے بھی مسلمان تھے اور ان کو گانے والوں میں محمد رفیع جیسے گلوکار اور ادا کرنے میں دلیپ کمار جیسے اداکار شامل تھے۔ محمد رفیع کے گائے گیت 'من تڑپت ہری درشن کو آج' اس کی ایک مثال ہے۔

ایک ٹویٹر ہینڈل نے لکھا کہ :پیسہ بنانے کیلئے ہندو مخالف فلم بنانا ضروری نہیں ،باہو بلی نے بولی وڈ کو یہ کرکے دکھایا ہے۔

ٹوئٹر پر  ہندوتوا رام ہینڈل نے 'باہوبلی -2' کی ریلیز سے پہلے ٹویٹ کیا تھا: 'صرف ہندو ہیرو کی فلمیں دیکھیں۔ ہندو ہیرو کا احترام کریں۔'

ایش نے ٹویٹ کیا: 'خان ایکٹرز کی فلموں کے فین باہو بلی -2 سے کیوں جل رہے ہیں؟ مجھے اس بات کا فخر ہے کہ ایک بھارتی فلم پوری دنیا میں اتنا اچھا پرفارم کر رہی ہے، جو آج تک کوئی نہیں کر پایا۔'

نکت لکھتے ہیں: 'باہوبلی فلم کے شو کے دوران جتنے کی پاپ کارن فروخت ہوئی، اتنی شاہ رخ خان کی ریلیز ہوئی آخری فلم کی کل کمائی تھی۔'

ماہی نے ٹویٹ کیا: 'ڈیر خان بھائیوں، ہمیں تمہاری 'رئیس'، 'رنگون' اور 'پی کے' نہیں چاہیے. ہمیں باہو بلی جیسی فلمیں چاہیے۔ باہو بلی -2 کا اثر آپ دیکھ ہی سکتے ہیں۔'

سومو ٹویٹ کرتے ہیں کہ ’ سلمان، عامر اور شاہ رخ تینوں کی فلم مل کر بھی زندگی میں کبھی باہو بلی کا فرسٹ ڈے کا ریکارڈ نہیں توڑ سکتی۔‘

جبکہ بعض لوگوں کا خیال ہے کہ مذہب نہیں، فلم دیکھیے۔

عادل نے ٹویٹ کیا: 'یہ بہت سنگین بات ہے کہ آپ باہو بلی پر تنقید تک نہیں کر سکتے۔ کیونکہ ہندو مذہب خطرے میں ہے۔'

ٹویٹر ہینڈل سلمان  لکھتے ہیں: 'باہوبلی ابھی پیدا ہونے والا بچہ ہے، جس میں ایک سپرا سٹار ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ مقابلے غلط ہیں۔ باہوبلی کو سلمان خان سے برابری کے لیے بہت سے جنم لینے ہوں گے۔'

نفیس اختر نے لکھا: 'مسلمان یہ جاننے میں مصروف ہیں کہ باہوبلی کو كٹپپا نے کیوں مارا؟ ہاں ٹائم ملا پھر دیکھیں گے کہ پہلو خان کو کس نے مارا؟'

دیبی پرساد شرما نے لکھا: 'باہوبلی چاہے جو بھی حاصل کرلے لیکن عامر خان کو ہمیشہ ریکارڈ بنانے کے لیے یاد کیا جائے گا۔ چین میں دنگل کی کمائی بھول گئے کیا؟'