عامر کترینہ ایک بار پھر دھوم مچانے کیلئے تیار

شائع 15 مئ 2017 05:48am

kat

ممبئی:بولی وڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان اور باربی ڈول کترینہ کیف  2013 میں فلم"دھوم3"میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد ایک بار پھر فلم"ٹھگ آف ہندوستان"میں دھوم مچانے کیلئے تیار ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ ڈی این اے انڈیا کے مطابق کترینہ کیف کا شمار  بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے چاروں 'خانز' کے ساتھ کام کیا ہے اور بولی وڈ کے چاروں 'خانز' کے ساتھ کام کرنا  کامیابی کی علامت سمجھاجاتا ہے۔

کترینہ اس سے قبل عامر خان کے ساتھ فلم دھوم 3 میں کام کرچکی ہیں اور یہ فلم باکس آفس پر کمال دکھانے میں کامیاب رہی تھی۔

کترینہ کیف ان دنوں سلمان خان کے ساتھ فلم"ٹائیگر زندہ ہے"کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اب اطلاعات ہیں کہ وہ عامر خان کے ساتھ "ٹھگ آف ہندوستان"میں بھی  مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم کے ہدایت کار  وجے آچاریا کرشنا کا کہنا ہے کہ کترینہ کو فلم کا اسکرپٹ بے حد پسند آیا  اور انہوں نے فوراً اس فلم کیلئے ہاں کردی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دنگل گرل فاطمہ ثناء شیخ  اس کردار  کو اداکرنے والی تھیں، فلم کیلئے کروایا گیا فوٹو شوٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا جس میں فاطمہ ایک جنگجو کے روپ میں نظر آرہی تھیں لیکن اب یہ کردار کترینہ کیف  نبھائیں گی۔

خیال رہے کہ فاطمہ ثناء شیخ  نے دنگل میں عامر خان کی بیٹی گیتا پھوگٹ کا کردار ادا کیاتھا۔