ایشوریا رائے یامادھوری،کروڑوں کا مقابلہ کون جیتے  گی؟

شائع 22 مئ 2017 09:56am

kbc

ممبئی:بھارتی ٹی وی انڈسٹری کا  سب سے مقبول  اور طویل عرصے تک  نشر ہونے والا گیم شو"کون بنے گا کروڑ پتی(کے بی سی)"ہمیشہ ہی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہا ہے ، شو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس بار "کے بی سی"  کی میزبانی  ایشوریارائے بچن  یا مادھوری ڈکشٹ کے ذمہ سونپی جائے گی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق  معلومات پر مشتمل انڈیا کے سب سے بڑا گیم شو "کے بی سی"کی میزبانی ہر سال بولی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کرتے ہیں   لیکن اس بار شو انتظامیہ نے   امیتابھ کی بجائے ان کی بہو ایشوریا رائے یامادھوری ڈکشٹ کو لینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  آئندہ دو ماہ میں کے بی سی کا سیزن 9 پیش کیا جائے گا  لیکن ابھی تک   شوکے میزبان کا نام فائنل نہیں ہوسکا ہے ،واضح رہے کہ اس سے قبل کبھی بھی "کے بی سی" کی میزبانی کسی اداکارہ نے نہیں کی تھی،صرف ایک بار سیزن 3 میں امیتابھ بچن کی جگہ شاہ رخ خان نے  گیم شو کو ہوسٹ کیا تھا جسے مداحوں نے بے حد پسند کیا تھا۔

تاہم  ایشوریارائے یا مادھوری کی جانب سے ابھی تک گیم شوکی میزبانی کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی خبر منظر عام پر نہیں  آئی ہے۔

خیال رہے کہ  کے بی سی کی مقبولیت کے پیش نظر  اس گیم شو پر  آسکر ایوارڈ یافتہ  فلم "سلم ڈاگ ملینئر"بھی بن چکی ہے،جس  میں میزبان کا کردار  انیل کپور نے ادا کیا تھا۔