کپل شرما کون کونسی بیماریوں سے لڑ رہے ہیں؟ بہن نے بتادیا۔۔
حالیہ دنوں میں کپل شرما کا کریئر اور ان کی صحت دونوں ہی پستی کی جانب گامزن ہیں اور اکثر بیمار رہنے کی وجہ سے انہیں اپنے شو کی شوٹنگ کو بارہا مؤخر کرنا پڑتا ہے۔
ایسا ایک بار نہیں ہوا کہ سلیبریٹیز ان کے شو میں اپنی فلم کو پروموٹ کرنے آئے ہوں اور انہیں کپل کی خرابی صحت کے باعث یا تو انتظار کرنا پڑا ہو یا بنا شوٹنگ کیے ہی جانا پڑا ہو۔
حال ہی میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما اپنی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' کی پروموشن کے لئے کپل کے شو میں آئے تاہم کپل کی طبیعت خراب ہونے اور پھر بے ہوش ہوجانے کے باعث دونوں سپراسٹارز کو بناء شوٹ کے ہی واپس لوٹنا پڑگیا۔
اس حوالے سے کپل شرما کے قریبی ذرائع کا کہنا تھا کہ "ہم حتمی طور پر نہیں جانتے کہ کپل کو کیا ہوا ہے، بس اتنا بتا سکتے ہیں کہ کپل بے ہوش ہوئے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور ہمیں بتایا گیا کہ یہ اسٹریس کا نتیجہ ہے"۔
اس سے قبل بھی جب کارتیک آریان اور کیرتی خرباندا اپنی مووی 'گیسٹ اِن لندن' کی پروموشن کے لئے شو میں آئے تو یہی صورتحال پیش آئی تھی۔
تاہم بار بار ایسا ہونے کی وجہ سے لوگوں نے کپل کو تنقید کا نشانہ بنایا شروع کردیا جبکہ کچھ ویب سائٹس نے تو اسے "فیک" بھی قرار دے دیا۔ اس تمام صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کپل کی بہن پوجا شرما بھائی کو بچانے کے لئے میدان میں کود پڑیں۔
ایک انٹرویو میں کپل کی بہن کا کہنا تھا کہ "ان دنوں بھائی کی صحت بہت زیادہ خراب ہے، ایسا سننے میں آیا ہے کہ لوگ انہیں ایک غیر پیشہ ور قرار دے رہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے انہیں اپنے کام سے بہت محبت ہے اور وہ کوئی بہانہ بنا کر شوٹ کو مؤخر نہیں کرتے"۔
ان کا مزید کہنا تھا "وہ اپنے شو کی کم ٹی آر پی کی وجہ سے اسٹریس کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کے جسم میں گلوکوز کا اضافہ ہورہا ہے اور یہ صرف شوگر نہیں ہے بلکہ دگنے اسٹریس کی وجہ سے ان کا بلڈ پریشر بھی کافی کم ہوجاتا ہے"۔
انہوں نے مزید کہا "کپل دن بدن مزید بیمار ہوتے جارہے ہیں اور کھانا بھی ٹھیک سے نہیں کھا رہے، ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے لیکن پھر بھی وہ انکی نہیں سن رہے، اسٹریس ایک اہم وجہ ہے جو ان کی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ اس حوالے سے کوئی کچھ نہیں جانتا۔ انہوں نے کپل کے شو کے دوران بیہوش ہونے کو بھی جھوٹی خبر قرار دے دیا"۔



















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔