یہ علامات ظاہر کرتی ہیں کہ غذا کھانے کے قابل ہے یا نہیں

شائع 03 اپريل 2018 06:32am

WATERMELONتحقیق کے مطابق ہر سال دس میں سے ایک فرد معتدل فوڈ پائیزنِنگ کا شکار ہوتا ہے۔ آپ کے گھر میں موجود اشیائے خوردونوش کی تازگی آپ کے خاندان کی صحت کے لئے اہم ہے۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ اچھی اور صحت بخش غذا کھائیں۔ لیکن اس بات کا اطمینان کیسے ہوگا کہ جو غذا بظاہر صاف لگ رہی ہے وہ واقعی کھانے کے قابل ہے یا نہیں۔

ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتائیں گے جن سے آپ با آسانی کھانے پینے کی چیزوں کی تازگی جانچ سکتے ہیں۔

دودھ

ڈبّہ کھولنے کے بعد بھی دودھ کو تازہ رکھنے کے لئے اپنے فریج کا درجہ حرارت 40 ڈگری فارن ہائیٹ پر سیٹ کردیں۔ دودھ کے ڈبے کو کبھی بھی فریج کے دروازے میں مت رکھیں۔ اسے ہمیشہ فریج کے اندر کی جانب رکھیں۔

لوازمات

٭ کیچپ کی بغیر کھلی بوتل فریج سے باہر بھی ایک سال تک خراب نہیں ہوتی۔ اور کھلا ہوا کیچپ فریج میں بھی صرف ایک مہینہ ٹھیک رہ سکتا ہے۔

٭ بغیر کھلا مایونیز 4 مہینے تک کھانے کے قابل ہوتا ہے۔ کھولنے کے بعد اسے صرف تین مہینے تک فریج میں رکھ کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

٭ سویا ساس کھولنے کے بعد بھی تین سال تک اپنی صحیح حالت میں رہتا ہے۔

٭ مسٹرڈ ساس 2 سال تک بغیر کھولے رکھا جاسکتا ہے۔ کھلی ہوئی بوتل کو صرف ایک سال تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

٭ چلی ساس کا رنگ جب تک گہرا نہ ہوجائے استعمال کے قابل رہتا ہے۔

اگر آپ کو اپنے لوازمات کا ٹیکسچر ذرا سا بھی مختلف لگے تو انہیں پھینک دیں۔

تربوز

تربوز کا گودا اگر بیجوں سے الگ ہونے لگے تو یہ خراب ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ اگر گودا نرم اور چکنا محسوس ہونے لگے تو اس مطلب ہے کہ یہ کھانے کے قابل نہیں ہے۔ تربوز باہر سے چاہے کسی بھی رنگ کا ہو لیکن اندر سے اس کا گودا صرف چمکدار سرخ یا گہرے گلابی رنگ کا ہونا چاہیئے۔ اگر اس کا رنگ ہلکا گلابی یا سفیدی مائل ہوگیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ بہت پرانا ہوچکا ہے۔ کھانے کے قابل تربوز کی خوشبو بھی تازہ اور میٹھی ہوتی ہے۔

قیمہ

کچا قیمہ فریج میں دو سے تین دن اور فریزر میں چند مہینوں تک رکھا جا سکتا ہے۔ لیکن اگر اس کا رنگ بدل جائے، اس میں چکناہٹ محسوس ہونے لگے یا اس کی بو تبدیل ہوجائے تو اسے فوراً پھینک دیں۔

انڈے

انڈے دو سے تین ہفتے تک فریج میں رکھے جا سکتے ہیں۔ اگر یہ معلوم کرنا ہو کہ انڈہ کھانے کے قابل ہے تو اسے پانی سے بھرے پیالے میں ثابت ڈال دیں۔ اگر انڈہ پانی میں ڈوب جائے تو وہ صحیح ہے۔ اگر تیرنے لگے تو وہ خراب ہوچکا ہے۔

بادام

بادام کو ہوا بند مرتبان میں فریج سے باہر دو سے چار ہفتے تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ اس مرتبان کو ٹھنڈی اور اندھیری جگہ پر رکھیں۔ اسے فریج میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ فریج میں رکھے بادام ایک سال تک کھانے کے قابل رہتے ہیں۔ اگر بادام پر کالے دھبے نمودار ہونا شروع ہوجائیں یا اس کی اوپری جلد سخت ہونے لگے تو سمجھ جائیں بادام خراب ہو رہے ہیں۔

زیتون کا تیل

زیتون کا تیل الماری میں ایک سے دو سال تک محفوظ رہتا ہے۔ لیکن اگر اسے گرمی یا دھوپ والی جگہ پر رکھیں گے تو یہ جلد سے جلد خراب ہوجائے گا۔ زیتون کے تیل کو فریج میں بھی رکھا جاسکتا ہے اور اگر فریج میں رکھا ہوا تیل گدلا لگنے لگے تو بھی اسے استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ چولہے پر گرم کرنے سے یہ اپنی اصل شکل میں آجائے گا۔

دہی

ڈبے میں پیک شدہ دہی کھولے بغیر فریج میں پانچ دن رکھا جاسکتا ہے۔ البتہ کھلا دہی فوراً خراب ہوسکتا ہے۔ اس لئے اسے جلد سے جلد استعمال کر لیں۔ اگر دہی کا رنگ بدل جائے یا ذائقہ کڑوا یا کھٹا ہوجائے تو یہ خراب ہوچکا ہے۔ اگر اس میں سخت پھٹکیاں پڑ گئی ہیں تب بھی یہ صحیح حالت میں نہیں ہے۔

مچھلی

کچی مچھلی فریج میں ایک سے دو دن تک رکھی جاسکتی ہے۔ مگر بہتر ہے کہ اسے فریزر میں رکھا جائے۔ فریزر میں اسے دو سے تین مہینے رکھ سکتے ہیں۔ اگر مچھلی کی بو تیز ہوجائے یا اس کا گوشت چکنا محسوس ہونے لگے تو اسے پھینک دیں۔ اس کے علاوہ اگر گوشت بکھرنے لگے تو بھی مچھلی خراب ہوچکی ہے۔

Thanks to Brightside