ہوٹل کے کمروں میں موجود 5 غلیظ ترین اشیاء
ہوٹلوں میں عارضی قیام کرنے والے ہزاروں مسافر ہوٹل سے جاتے ہوئے اپنے پیچھے جراثیم بھی کمرے میں چھوڑ جاتے ہیں، جنہیں ہوٹل کا عملہ اچھی طرح صاف نہیں کرتا۔ یہ صرف ہمارے جسم کا دفاعی نظام ہے جس کی وجہ سے زیادہ تر جراثیم ہمارے جسمانی نظام پہ اثرانداز نہیں ہو پاتے اور ہم نقصان سے محفوظ رہتے ہیں۔ لیکن اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے چند اشیاء سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے جو ہوٹل کے کمروں میں عموماً جراثیموں کا گڑھ بنی ہوتی ہیں۔
1۔ ٹی وی ریموٹ کنٹرول

ٹی وی ریموٹ کنٹرول ایک ایسی چیز ہے جسے بلامبالغہ تقریباً ہر دوسرا تیسرا مسافر استعمال کرتا ہے۔ ہر نیا آنے والا مسافر اپنے کمرے کے پچھلے مسافر کی طرح جراثیموں کا تحفہ ریموٹ کنٹرول پہ ثبت کر جاتا ہے۔ عموماً ہوٹل کا عملہ ٹی وی ریموٹ کنٹرول جیسی معمولی شے کو صفائی کے دوران نظرانداز کر دیتا ہے۔ لہذا مہمان حضرات کو خود ہی اس سلسلے میں محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
2۔ بستر پر موجود تکیے

اگرچہ ہوٹل کا عملہ روزانہ بستر کی چادریں تبدیل کرتا ہے، لیکن ان کے پاس اتنا وقت بہرحال نہیں ہوتا کہ وہ نئے مہمانوں کی آمد پر تکیے بھی تبدیل کرتے پھریں۔ سوتے وقت لوگوں کے جسم کی چکنائی بستر خصوصاً تکیوں پر پھیل جاتی ہے۔ اس طرح یہ بیکٹیریا و دیگر جراثیموں کا گڑھ بن جاتے ہیں۔لہذا ضروری ہے کہ تکیے بستر کی چادر کے نیچے رکھے جائیں۔
3۔ پینے کے گلاس

زیادہ تر ہوٹل مسافروں کے لیے پینے والے گلاس کمرے میں رکھتے ہیں ۔لیکن اگر یہ گلاس غسل خانے سے لائے جاتے ہیں تو ضروری ہے کہ پہلے انہیں اچھی طرح سے دھو لیا جائے کیونکہ غسل خانے میں ٹوائلٹ فلشنگ کے دوران اردگرد کی سطح پر بیکٹیریا پھیل جاتے ہیں خصوصاً فلش ہینڈل، غسل خانے و ٹوائلٹ کی دیواروں وغیرہ پر۔ اس کے علاوہ سنک پر بھی بیکٹیریا موجود رہتے ہیں کیونکہ یہ نمی والی جگہوں پہ رہنا پسند کرتے ہیں۔ گلاس استعمال کرنے اور کافی بنانے والے افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ بیکٹیریا کے حملے سے بچنے کے لیے مکمل طور پر صفائی کا خیال رکھیں۔
4۔ لیمپ اور بجلی کے سوئچ

ریموٹ کنٹرول کی طرح بجلی کے سوئچ کو بھی مسافر اکثر ہاتھ سے چھوتے ہیں۔ ہوٹل کا عملہ بجلی کے سوئچ روزانہ صاف نہیں کرتا اور انہیں غیر اہم سمجھ کر چھوڑ دیتا ہے جس کی وجہ سے ان پر بھی جراثیم اکٹھے ہوجاتے ہیں۔
5۔ گھریلو استعمال کی اشیاء یا تھیلے وغیرہ
گھریلو استعمال کی عام اشیا یا سامان رکھنے کے تھیلے یا ڈبے وغیرہ پر بھی ہمیشہ جراثیم پائے جانے کا بہت زیادہ امکان ہوتا ہے۔ ایسی صورتحال میں اپنے ساتھ ایک جراثیم کش اسپرے یا دوا ضرور رکھیں تاکہ بیکٹیریا کے ٹھکانوں یا مشتبہ جگہوں پر اسے چھڑک کر صفائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس طرح حفاظتی تدابیر اختیار کر کے ہم اپنی صحت کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
بشکریہ Cosmopolitan


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔