پریانکا چوپڑا کی منگنی، کنگنا رناوت خفا ہوگئیں
بولی وڈ کی خوبرو حسینہ اور سابقہ مِس یونیورس پریانکا چوپڑا ان دنوں خبروں میں چھائی ہوئی ہیں اور اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ انہوں نے امریکی گلوکار و اداکار نِک جونس سے منگنی کرلی ہے تاہم یہ خبر سن کر کنگنا رناوت خفا ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق ملکہ حسن اور اداکارہ پریانکا چوپڑا کی امریکی گلوکار واداکار نک جونز سے منگنی ہوگئی ہے۔ ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پریانکا اور نِک رواں ماہ پریانکا کی سالگرہ سے ایک ہفتہ قبل منگنی کرچکے ہیں اور اکتوبر میں دونوں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
پریانکا نے اسی سلسلے میں سلمان خان کی فلم 'بھارت' میں کام کرنے سے بھی معذرت کرلی تھی۔
سابقہ ملکہ حسن کی منگنی اور شادی کے چرچے جہاں پوری فلم انڈسٹری میں مشہور ہیں وہیں ان کے چاہنے والے بھی بے حد خوش نظر آرہے ہیں۔ تاہم پریانکا کی دوست اور ساتھی اداکارہ کنگنا رناوت اس خبر کو سن کر نہ صرف پریشان ہوگئیں بلکہ پریانکا سے خفا بھی ہوگئیں۔
گزشتہ دنوں ایک تقریب میں کنگنا سے پریانکا اور نِک کی منگنی کے حوالے سے سوال پوچھا گیا تو انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، 'اچھا! وہ میری بہت اچھی دوست ہیں انہوں نے مجھے نہیں بتایا تو پھر میں خفا ہوں'۔
واضح رہے پریانکا اور کنگنا نے سنہ 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم 'فیشن' میں ایک ساتھ کام کیا تھا اور تب ہی سے دونوں اچھی دوست ہیں۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔