ایک اور اسٹیج اداکارہ کی گاڑی پر فائرنگ، شوہر زخمی

شائع 27 اگست 2018 03:57am

Untitled-2

فیصل آباد : پاکستانی فنکاروں پر حملے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا ہے۔

فیصل آباد میں مبینہ طور پر ملزمان کی جانب سے بھتے کا تقاضا پورا نہ ہونے پر اسٹیج اداکارہ شیزہ بٹ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس سے اداکارہ کے شوہر زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسٹیج اداکارہ شیزا بٹ مقامی تھیٹر میں پرفارم کرنے کیلئے فیصل آباد آئیں تو ملزمان نے ان کے شوہر کے موبائل فون پر کال کرکے 25 ہزار روپے بھتہ طلب کیا۔

24  اگست کی رات اداکارہ منصور آباد کے علاقہ میں واقع تھیڑ میں پرفارمنس کیلئے پہنچیں تو ملزمان نے تھیٹر کے باہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اداکارہ کے شوہر مٹھو بٹ بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس نے تھانہ منصور آباد میں ایک نامزد اور دو نامعلوم افراد کےخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔