نئی ہونڈا 'سی بی 125 ایف' پاکستان میں لانچ، قیمت کا اعلان کر دیا گیا

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2019 04:43am

Untitled-1

عالمی شہرت یافتہ مینوفیکچرنگ کمپنی ہونڈا نے اپنی نئی موٹر سائیکل 'سی بی 125 ایف' پاکستان میں متعارف کراتے ہوئے اس کی قیمت کا بھی اعلان کردیا ہے۔

لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں اس نئی موٹر سائیکل کی لانچنگ تقریب منعقد کی گئی۔ کمپنی کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق ہونڈا سی بی 125 ایف کے اسٹینڈرڈ ایڈیشن کی تعارفی قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 9 سو روپے، جبکہ اس کے اسپیشل ایڈیشن کی قیمت ایک لاکھ 61 ہزار 9 سو روپے رکھی گئی ہے۔ یہ موٹر سائیکل پانچ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگی۔

ہونڈا کی نئی موٹر سائیکل میں ہوا سے ٹھنڈا ہونے والا 4 اسٹروک او ایچ وی 125 سی سی انجن، خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ ہیڈ لائٹ، سیلف اسٹارٹ سسٹم، 5 گئیر ٹرانسمیشن اور اسٹائلش گرافکس کے ساتھ فیول ٹینک کا نیا ڈیزائن دیا گیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ہنڈا سی بی 125 موٹر سائیکل کی تصاویر جاری کی گئیں تو اس کے شوقین افراد نے ملے جلے تاثرات دئیے۔ چند افراد نے نئے وسٹائل کی تعریف کی جبکہ کچھ افراد کا کہنا تھا کہ اس موٹر سائیکل کا ڈیزائن 125 ڈیلکس موٹر سائیکل سے ملتا جلتا ہے۔

صارفین کی دلچسپی کیلئے یاد رہے کہ اس موٹر سائیکل میں انجن بیلنسر نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ اس میں وائبریشن سی جی 125 کی طرح ہی ہوگی۔ اس کے علاوہ اس میں بٹر فلائی کاربوریٹر بھی موجود نہیں ہے۔