سابق صدرپرویز مشرف کراچی سے دبئی پہنچ گئے
دبئی:سابق صدرپرویز مشرف کراچی سے دبئی پہنچ گئے، ان کی کراچی سے روانگی کو انتہائی خفیہ رکھا گیا ،چوہدری نثار کہتے ہیں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت نے ای سی ایل سے نام نکالا ، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو بیرون ملک فرار کرایاگیا۔
ای سی ایل سے نام نکلتے ہی پرویز مشرف نے دبئی کے لیے اڑان بھری ، وہ غیرملکی پرواز ای کے611 کے ذریعے کراچی سے دبئی پہنچے ، کراچی ایئرپورٹ پر ان کی آمد کو انتہائی خفیہ رکھا گیا اور پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری ان ک سیکیورٹی کے لیے تعینات کی گئی ۔
پارٹی ترجمان کے مطابق پرویزمشرف ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ ان کا علاج چھ سے آٹھ ہفتے میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد وہ وطن واپس آکر پارٹی کو فعال کریں گے۔ اس سے پہلے حکومت نے پرویز مشرف کوعلاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی، وزیر داخلہ کا کہنا ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اجازت دی گئی۔
چوہدری نثارنے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا جس وقت مشرف کو گارڈ آف آنر دیا گیا اس وقت بھی ان پر بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے الزامات تھے۔پرویزمشرف کو ملک سے جانے کی اجازت دینے پر پیپلزپارٹی نے ملک بھر میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔
بلاول بھٹو نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو نے پرویز مشرف کی اصل طاقت وردی سے محروم کیا ،آصف زرداری نے ایوان صدر سے نکالا لیکن موجودہ حکومت نے پرویز مشرف کو بیرون ملک فرار کرادیا۔


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔