Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پرعملدرآمد کی حکومتی استدعا مسترد

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پرعملدرآمد...
شائع 02 جولائ 2020 12:21pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پرعملدرآمد جاری رکھنے کی حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ کا حکم آئندہ سماعت تک برقرار رکھا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نے شوگر کمیشن رپورٹ پر کارروائی روکنے کے سندھ ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف حکومتی اپیل پر سماعت کی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل صاحب! اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی مقدمے میں فیصلہ دیا ہے، کیا سندھ ہائیکورٹ کے علم میں یہ بات نہیں لائی گئی؟۔

جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ شوگر ملز کی درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا ذکر ہے، سندھ ہائیکورٹ کے عبوری حکم میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا ذکر نہیں، کمیشن رپورٹ میں شوگر ملز پر بہت سے الزامات سامنے آئے ہیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کیا کمیشن کو شوگر ملز کو موقف کا موقع نہیں دینا چاہیئے تھا؟۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کے سامنے مؤقف دینے کی ضرورت نہیں تھی، تاحال کمیشن کی کارروائی کو کالعدم قرار نہیں دیا گیا،تمام ایگزیکٹو اتھارٹیز کو فعال کر دیا گیا ہے، کمیشن کی رپورٹ آنکھیں کھولنے کے مترادف ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیا کمیشن کی رپورٹ پر شوگر ملز کے خلاف کوئی ایکشن لیا گیا؟۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ کچھ شوگر مل مالکان نہیں چاہتے کہ رپورٹ پر اتھارٹیز کارروائی کریں، کچھ شگر مل مالکان خیبرپختونخوا اور کچھ بلوچستان ہائیکورٹ بھی چلے گئے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ حکومت کو کہہ دیا کہ کسی ادارے کو معاملے پر ہدایات نہ دیں اور رپورٹ پر اداروں کو آزادانہ کام کرنے دیا جائے، وفاقی کابینہ نے میری سفارش پر اداروں کو دی گئی ہدایات واپس لے لیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شوگر مل ایسوسی ایشن کمیشن کی رپورٹ سے جان نہیں چھڑوا سکتی ،کمیشن غیر قانونی قرار دے دیں تو پھر بھی معاملہ ختم نہیں ہوگا، ریگیولیٹری اداروں کو کام سے نہیں روکا جاسکتا۔

جسٹس گلزار احمد نے مزید کہا کہ یہ صوررتحال حکومت نے خود پیدا کی ہے، حکومت تحقیقات کروا کر مقدمات بنوا دیتی ، کمیشن رپورٹ کالعدم ہونے سے بھی شوگر ملز کو کچھ نہیں ملنا۔

سپریم کورٹ نے شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد جاری رکھنے کی حکومتی استدعا مسترد کرتے ہوئے انکوائری کمیشن رپورٹ پر عملدرآمد روکنے کا سندھ ہائیکورٹ کا حکم آئندہ سماعت تک برقرار رکھا۔

عدالت عظمیٰ نے وفاق کی اپیل پر مزید سماعت 14جولائی تک ملتوی کردی جبکہ 3رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div