مقبوضہ کشمیرمیں پروپیگنڈےاورمظالم سےسچ نہیں دبایاجاسکتا،دفترخارجہ
اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پروپیگنڈے اور مظالم سے سچ نہیں دبایا جاسکتا، بھارت کا ڈومیسائل قانون مسترد کرچکے ہیں،مودی سرکار مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں آج بھارتی مظالم کا مسلسل 332واں روز ہے،بھارتی مظالم کی تصاویر کل سے دنیا بھرکے سامنے ہیں،سوپور میں 3 سالہ معصوم بچے کی تصویر انسانیت، انسانی قدروں پر یقین رکھنے والوں کی آنکھوں میں تادیر گھومتی رہے گی،کشمیری عوام نے نئے ڈومیسائل قوانین کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے،یہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے ہندوتوا ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیرخارجہ نےگزشتہ روزامریکی مندوب زلمے خلیل زاد سے ملاقات میں افغان امن عمل کے حوالے سے مثبت کردار جاری رکھنے پرزور دیا،پاکستان کی طرف سے افغانوں کے مابین براہ راست مذاکرات کیلئے مثبت کردار جاری رہے گا،زلمے خلیل زادہ کے ساتھ وزیرخارجہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے اورسٹیٹ سپانسرڈ ٹیررازم کا معاملہ بھی اٹھایا۔
عائشہ فاروقی کا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ بھارتی قیادت کی طرف سے پاکستان کوعدم استحکام کا شکارکرنے کیلئے دہشتگردی کوہتھیار کے طورپراستعمال کا معاملہ تسلسل سے بین الاقوامی برادری کے سامنے اٹھا رہے ہیں،پاکستان میں دہشتگردی میں “را” کے ملوث ہونے کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے متعدد مرتبہ پیش کرچکے ہیں۔
ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے،سلامتی کونسل نے دہشتگردی میں ملوث افراد، ان کے پس پردہ عوامل،محرکات اورذمہ داران کوبے نقاب کرنے پرزوردیا ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔