'عمران خان قومی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں'

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کی بات پیپلزپارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔
شائع 02 جولائ 2020 10:33pm
رانا ثناء اللہ- فائل فوٹو
رانا ثناء اللہ- فائل فوٹو

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے وزیراعظم عمران خان کو ملک کے مسائل کی جڑ قرار دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان قومی اتفاق رائے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔مائنس ون کی بات کہاں سے ہو رہی ہے، یہ وزیر اعظم کو پتہ ہو گا۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راناثناءاللہ نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ مسائل کے حل کےلئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔تحریک عدم اعتماد کی بات پیپلزپارٹی کی جانب سے کی گئی ہے۔ اس پر اے پی سی میں بات کریں گے، تاہم ن لیگ کو اس پر اعتراض نہیں ہوگا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پی آئی اے پہلے ہی سسکیاں لے رہی تھی، حکومت نے اسے دفن کر دیا۔ پوائنٹ اسکورنگ کے لئے پائلٹس پر تنقید کے بعد اب کوئی اسے کوڑیوں کے بھاؤ بھی نہیں لے گا، مہنگائی اور آٹا چینی بحران کی ذمہ دار یہ حکومت ہے۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ چھ ارکان وزیراعلیٰ سے اپنے حلقے کے مسائل کےلئے ملے، مگر یہ وہی لوگ ہیں جو سال پہلے بھی گئے تھے۔اگر حکومت کی کارکردگی یہی رہی تو جلد 60سے 70لوگ پی ٹی آئی چھوڑ کر دوسری طرف آجائیں گے۔