Aaj News

جمعرات, اپريل 18, 2024  
10 Shawwal 1445  

اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی ناکامی کا راز سامنے آ گیا

کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے...
شائع 04 جولائ 2020 12:46pm

کراچی اسٹاک ایکسچینج حملے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حملے کا ماسٹر مائنڈ فورا مارا گیا جس کے بعد دہشتگرد گھبرا گئے،اسی وجہ سے ان کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

تفتیشی اداروں کے مطابق دہشتگرد سلمان نہ صرف اس کاروائی کا ماسٹر مائنڈ تھا بلکہ اس نے اسٹاک ایکسچینج کے اطراف کی ریکی کر رکھی تھی لیکن دہشتگرد سلمان حملے کے 92 سیکنڈ پر مارا گیا۔

اس نے دیگر دہشتگردوں کو اپنے ساتھ اندر لے کر جانا تھا مگر اس کے مارے جانے کے بعد دہشتگردوں کو اندر جانے تک کے راستے کا علم نہیں تھا۔سلمان کے دیگر ساتھی کافی دیر تک سوچتے رہے کہ کس راستے سے اندر جائیں لیکن راستے کا علم نہ ہونے کی وجہ سے وہ گھبرا گئے اور باہر ہی ادھر ادھر بھٹکتے رہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کے دوران ہلاک ہونے والے چار دہشت گردوں میں سے سلمان کے اہلخانہ دہشت گردکی لاش لینے کراچی پہنچے تھے،جن کے حوالے دہشتگرد کی لاش کر دی گئی ہے۔ ہلاک دہشت گرد کی خالہ اور بہن لاش لینے کے لئے کراچی پہنچیں۔دہشت گرد کے اہل خانہ بلوچستان سے کراچی آئے ۔ واضح رہے کہ 29 جون کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جسے ناکام بنا دیا گیا۔ اس حملے میں تمام دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے تھے، جبکہ حملہ ناکام بنانے کی کوشش میں 3 سیکورٹی گارڈز اور 1 پولیس اہلکار نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ حملے کے دوران ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بی ایل اے سے تھا، جب اس حملے میں بھارت کا ہاتھ بھی ملوث تھا۔ اس حملے کے بعد جہاں دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی، وہیں جمعرات کے روز اہم پیش رفت تب ہوئی جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے بھی اس دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

علاوہ ازیں گذشتہ روز معاملے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب دہشت گردوں کی گاڑی ایک پاکستانی ڈرامے میں نظر آگئی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے کیلئے دہشت گردوں کی جانب سے جو گاڑی استعمال کی گئی، وہی گاڑی ایک پاکستانی ڈرامے کی شوٹنگ میں بھی نظر آئی۔

بتایا گیا ہے کہ بی اے پی 629 نمبر پلیٹ والی نیلے رنگ کی ٹیوٹا کرولا گاڑی کراچی کے علاقے ہل پارک میں ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران پارکنگ میں کھڑی تھی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div