Aaj News

ہفتہ, مئ 18, 2024  
09 Dhul-Qadah 1445  

اتصالات، پی ٹی سی ایل کی "مالک" بن گئی

پی ٹی سی ایل کے 26 فیصد حصص حاصل کرنے والی متحدہ عرب اماراتی کمپنی...
شائع 06 جولائ 2020 12:04pm

پی ٹی سی ایل کے 26 فیصد حصص حاصل کرنے والی متحدہ عرب اماراتی کمپنی اتصالات، کمپنی کی مکمل مالک بن گئی، کمپنی نے عدالتی فیصلوں کو ردی کی ٹوکری کی نذر کرنا شروع کر دیا۔

کمپنی نے محکمے کا مکمل طور پر انتظامی کنٹرول سنبھالنے کے بعد ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن سے معاہدے کے برعکس من مانی کٹوتیاں کرنا شروع کر دیں۔

پینشن میں اضافے سے متعلق حکومتی اعلانات پر عملدرآمد کرانے کے لیے قائم کی گئی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائز ٹرسٹ نے معاملے پر چپ سادھ لی۔ حکومتی ملی بھگت کے سبب اتصالات نے چالیس ہزار پنشنرز کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا شروع کر دیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ایمپلائیز ٹرسٹ اپنے قیام 1996 سے لیکر 2010 تک تمام حکومتی اعلان کردہ اضافہ جات پنشن و دیگر مراعات پنشنرز کو باقاعدہ طور پر ادا کرتا رہا۔

بعد ازاں اپنے قانونی کردار سے انحراف کرتے ہوئے حکومتی اعلانات کے تحت پنشن میں اضافے کے باجود بھی پر اسرار طور پر کٹوتیاں شروع کر دی گئی ہیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے فیصلے مورخہ 12 جون 2015 میں پی.ٹی.ای.ٹی کو واضح احکامات دیے تھے کہ تمام ٹرانسفرڈ ایمپلائیز (جو پاکستان ٹیلی گرافس اینڈ ٹیلی فون ڈیپارٹمنٹ T&T سے کمپنی میں آئے ہیں) کو حکومت پاکستان کے اعلانات کے مطابق اضافہ شدہ پنشن ادا کی جائے۔

لیکن پی۔ٹی۔ای۔ٹی ان احکامات پر عملدرآمد سے انکاری ہے۔ ریاست پاکستان جو کہ نجکاری معاہدے کے دوران ان پنشنرز کے حقوق کی ضامن تھی اس تمام تر معاملے میں اپنا قانونی کردار ادا کرنے سے گریزاں ہے۔

واضح رہے گذشتہ دس سالوں سے چالیس ہزار پنشنرز، اتصالات کی معاشی دہشتگردی کا شکار ہیں جن میں سے بے شمار اگلے جہان سدھار گئے ہیں اور جو باقی ہیں وہ شدید نا امیدی اور کسمپرسی کی زندگی گزا رہے ہیں۔