پیٹرول بحران، انکوائری مکمل نہ ہونے پر تحفظات

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے پیٹرول بحران انکوائری کمیٹی کی...
شائع 11 جولائ 2020 07:33pm

مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے پیٹرول بحران انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مقررہ مدت میں مکمل نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں چینی کی طرح پیٹرول کے مجرم پکڑنے میں بھی حکومت سنجیدہ نہیں۔

اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت مافیاز اور مافیاز حکومت کی مدد سے چل رہے ہیں۔ پیٹرول بحران پر حکومتی رویہ نے چینی اسکینڈل کی یاد تازہ کردی ہے۔ پیٹرول بحران پر انکوائری کمیٹی کا 15 روز میں رپورٹ جمع نہ کرانا ’’دال کالی‘‘ ہونے کا اشارہ ہے،جب عوام کو پیٹرول نہیں مل رہا تھا تو ذخیرہ اندوزی کون کررہا تھا؟

شہباز شریف نے پوچھا کہ اس سوال کا جواب نہیں آیا۔ جون کے مہینے میں قلت کے دوران پیٹرول کی فروخت زیادہ کیوں ہوئی؟ یہ پراسرار معمہ حل نہیں ہوا، لاک ڈاون اور تیل کی قلت کے باوجود فروخت اتنی زیادہ کیوں سامنے آئی؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملی بھگت سے پیٹرول کے ذریعے قوم سے اربوں لوٹ لئے گئے، موجودہ دور میں مافیاز کو عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔