Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

بھارت کے غیر آئینی اقدام کیخلاف آج یوم استحصال منایا جارہا ہے

اسلام آباد:بھارت کے گزشتہ سال 5اگست کے غیر آئینی اقدام کو ایک...
شائع 05 اگست 2020 09:42am

اسلام آباد:بھارت کے گزشتہ سال 5اگست کے غیر آئینی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر ،آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج یوم استحصال کے طور پر منایا جارہا ہے ،ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی،جلسے ہوں گے،ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔

جموں و کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی بھارتی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم آج یوم استحصال منارہی ہے۔

پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں بھر پور تیاریاں جاری ہیں، ملک بھرمیں صبح 10بجے سائرن بجاکرایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی جائے گی پاکستانی قیادت اہل کشمیر کی آواز دنیا تک پہنچائے گی۔

آج بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز نشان پاکستان دینے کا اعلان کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے کا نام تبدیل کر کے سرینگر ہائی وے رکھ دیا گیا ، نئے نام سے ڈائریکشن بورڈز اور سائن بورڈ نصب کردیئے گئے جبکہ شہر اقتدار کی شاہرائیں بھی پینا فلیکس بورڈ سے سج گئیں ۔

کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کیلئے ڈیجیٹل وین اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کشمیر بارے دستاویزی فلم دیکھاتی رہی۔

وزیراعظم عمران خان آزاد جموں وکشمیرکی قانون سازاسمبلی سے خطاب کریں گے جبکہ صدر مملکت عارف علوی سینٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے علاوہ ریلی کی قیادت کرتے ہوئے اہل کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی صدارت میں دفتر خارجہ میں خصوصی کل جماعتی کانفرنس منعقد ہوئی جس کا ذریعے کشمیر عوام کو پیغام دیا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں اُن کے ساتھ کھڑی ہے۔

کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام یک زبان

کشمیریوں پر بدترین استحصال کے 365 دن مکمل ہونے پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے خیبر پختونخوا کے عوام یک زبان ہوگئے، یوم استحصال کی تیاریاں عروج پر، سرکاری عمارتوں اور اہم شاہراہوں پر کشمیری پرچم لہرا دئیے گئے ۔

ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں مرکزی تقریب گورنر ہاؤس سے نکالی جائے گی، ریلی کی قیادت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کریں گے، ریلی گورنر ہاؤس سے آفیسرز میس تک مارچ کرے گی۔

شہر کے مختلف مقامات پر سیاسی جماعتوں،سول سوسائٹی،تاجر برادری اور طلباء کی جانب سے بھی ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں مختلف مقطبہ فکر کے افراد شرکت کرکے کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج اور کشمیری عوام کے اظہار یکجہتی کریں گے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی یوم استحصال کی تیاریاں مکمل

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی یوم استحصال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں،گورنر ہاوس سے چیرنگ کراس تک ریلی کی قیادت چوہدری محمد سرور اور عثمان بزدار کریں گے،ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔

5 اگست کو ملک بھر کی طرح پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال منایا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مرکزی ریلی کی تیاریاں اور انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے گورنر ہاوس سے چیئرنگ کراس تک بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔

آج صبح 10 بجے گورنر ہاوس سے چیرنگ کراس تک ریلی نکالی جائے گئی، جس کی قیادت گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کریں گے، پنجاب کی تمام ڈویثرنز اور اضلاع میں بھی یوم استحصال کے حوالے سے ریلیوں اور تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت کی ہدایت کے مطابق ریلیوں اور تقریبات میں کورونا ایس او پی کا خیال رکھا جائے گا۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div