کراچی مون سون کے پانچویں سپیل میں بہہ گیا

موسلا دھار بارش نے کراچی کا حلیہ بگاڑ دیا۔ سڑکیں پانی میں بہہ...
شائع 22 اگست 2020 08:11am

موسلا دھار بارش نے کراچی کا حلیہ بگاڑ دیا۔ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں، راستے کھو گئے، مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، شاہریں ڈوب گئیں۔

ہر جگہ سیلاب کا منظر، کہیں گاڑیاں بند ہوئیں تو لوگ دھکے لگاتے نظر آئے، کہیں گاڑیاں ہی پانی میں بہہ گئیں۔ انتظامات نہ ہونے کے باعث نالے بپھر گئے، نشیبی علاقے ڈوب گئے۔

پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں اب تک تین افراد جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔۔ جبکہ آدھے سے زیادہ شہر میں بجلی بھی غائب ہے۔

مون سون کے پانچویں اسپیل نے کراچی کو کہیں کا نہ چھوڑا۔

لانڈھی، کورنگی، قائد آباد، گلشن حدید، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد، نارتھ کراچی۔ ہر علاقے میں سیلاب کا منظر۔

ناگن چورنگی تالاب بن گئی، فائیو اسٹار چورنگی پر گندے پانی سے بھر گئی، کے ڈی اے چورنگی کی بھی یہی کہانی۔ پہلوان گوٹھ سے ایئرپورٹ جانیوالی سڑک ہی دھنس گئی۔ نکاسی آب کے مؤثر انتظامات نہ ہونے کے باعث نالے اُبل پڑے۔ چند روز پہلے صاف کیا گیا گجر نالہ آج پھر اوور فلو ہوگیا، اطراف کی آبادی ڈوب گئی۔ پانی گھروں اور مساجد میں گھس آیا۔

سڑکوں پر گاڑیاں پانی میں بہتی نظر آئیں۔ موٹرسائیکل سواروں کا تو برا حال ہوا، کئی کئی فٹ پانی میں دھکے لگاتے رہے۔ مختلف علاقوں میں ٹریفک بھی شدید جام رہا۔

لوگوں کو جہاں سے راستہ نظر آیا وہیں گاڑیاں دوڑا دیں۔ گرین لائن کے روٹ پر جھنگلا بھی توڑ ڈالا۔

ایک طرف بارش کا ستم، دوسری طرف کے الیکٹرک بے رحم۔

پہلی بوند کے ساتھ جانے والی بجلی تاحال نہ لوٹی۔ جبکہ کرنٹ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے۔

کراچی میں بارش کے بعد نالوں میں طغیانی آگئی ، پانی ملحقہ گھروں میں داخل ہوگیا ، قیمتی سامان تباہ ہوگیا اور مکینوں کو رشتے داروں کے گھروں میں پناہ لینا پڑی ۔