نواز شریف کے باہر جانے پر عمران خان کو پچھتاوا

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں نواز شریف کے باہر جانے پر ...
شائع 22 اگست 2020 10:19pm

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں نواز شریف کے باہر جانے پر عمران خان پچھتا رہے ہیں ۔

میڈیا سے بات چیت میں شیخ رشید نے کہا کہ جب اسحاق ڈار کو نہیں لاسکے ۔ نواز شریف کو لانا تو بالکل بھی آسان کام نہیں ۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ نواز شریف اتنے بھولے نہیں کہ شہباز شریف والی غلطی کریں اور واپس آجائیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں لیکن یہ کچھ بھی کرلیں اب کسی کو این آر او نہیں ملے گا ۔

دوسری جانب وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف کی واپسی کے لیے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا تحریک انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی نے شدید دھچکہ دیا، جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔

واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو واپس لانے کے لئے برطانوی حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو واپس آکر قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔