Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

کراچی والوں کےلئےبارش رحمت یا زحمت

بارشیں تو اللہ کی رحمت ہیں مگرکراچی کے لئے زحمت بن جاتی ہیں۔ ...
اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2020 02:06pm

بارشیں تو اللہ کی رحمت ہیں مگرکراچی کے لئے زحمت بن جاتی ہیں۔ نالے بند، جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، پانی کے نکاس کے لئے کوئی مناسب انتظام نہیں۔عوام پریشان، گھروں کے اندر پانی جانے سے ان کے قیمتی سامان کا نقصان تو ہوتا ہی ہے مگر جس ذہنی اذیت سے وہ گزرتے ہیں اس کا اظہار الفاظ میں ممکن نہیں۔اداروں کی نا اہلی کا خمیازہ ہمیشہ عوام کو ہی بھگتنا پڑتا ہے آخر کب تک یہ سلسلہ چلے گا۔

ایسا مسیحا کب آئے گاجو ان کے مسائل کاحل نکال سکے اور ان کی زندگیوں میں آسانیاں لے آئے۔شعراء نے برسات کی منظر کشی کےلئے تو بڑےخوبصورت الفاظ کا چناو کیا ہے مگر حقیقی زندگی کی تصویر یکسر مختلف ہے۔جہاں بادل گرجے بے چارے لوگوں کو اپنے اہل و عیال اور سامان کی فکرلاحق ہوجاتی ہے۔

آخر کب تک یہ تقسیم اور معیار زندگی کا تضاد رہے گا۔جن کی زندگی سہولتوں اور آسائشوں سے مزین ہے وہ ایک عام انسان، عام شہری کے مسائل کیسے سمجھ سکتے ہیں۔دل کڑھتا ہے اداروں کی نے حسی پر۔ کیا اس کو جمہوریت کہیں گے جس میں کسی کی زندگی محفوظ نہیں، اطمینان و سکون میسرنہیں۔ جہاں کراچی کے حالات میں حکومتی اداروں کا قصور ہے وہاں ہم بھی برابر کے قصور وار ہیں۔

خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی نہ ہو خیال جس کو اپنی حالت خود بدلنے کا

کراچی جو روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا آج تاریکیوں میں ڈوبا ہوا ہے۔بجلی، پانی، گیس، کچرے کے ڈھیراور بھی بہت سے مسائل ہیں جو اس کو گھیرے ہوئے ہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔اگر ان سب پر توجہ دی جائے تو یہ شہر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

مگر کیسے اور کون کرے گا یہ کام؟

حکومت کافرض ہے کہ متعلقہ اداروں کے خلاف سخت ایکشن لے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں۔

دوسری طرف عوام اپنے حصے کا فرض ادا کریں۔ اپنی مدد آپ کے تحت بھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔ ترقی یافتہ اقوام کااگرجائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنے محلے، شہر کو صاف رکھنےمیں اپنے حصے کا فرض بخوبی نبھا رہے ہیں۔ہمیں بھی چاہیئے کہ یہی مثبت سوچ اپ ے اندر پیدا کریں اور جو کچھ ہمارے اختیار میں ہے کر گزریں۔ آگاہی اور شعور بہت ضروری ہے کیونکہ سر بلند قوموں کی یہی صفات ہوتی ہیں۔

حمیرا یاسمین

درج بالا تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہوسکتی ہے، آج نیوز اور اس کی پالیسی کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div