Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

کورونا کے باوجود معیشت کو جِلا بخشنے والے ملک کا راز

تقریبا 9 ماہ قبل کورونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد اس مہلک وبائی...
شائع 01 ستمبر 2020 10:48am

تقریبا 9 ماہ قبل کورونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد اس مہلک وبائی مرض نے دنیا بھر کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کورونا نے تمام ممالک کی معیشت پر کاری ضرب لگائی۔ تاہم آسٹریلیا کے شمال میں جزائر پر مشتمل ملک وانواتو کا معاملہ یکسر مختلف رہا۔ اس ملک کا سمندری اور خشکی کا مجموعی رقبہ 12 ہزار مربع کلو میٹر ہے اور کُل آبادی 2.9 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

رواں سال 2020ء میں جنوری سے لے کر جون تک وانواتو کے بجٹ کا سرپلس 3.33 کروڑ ڈالر رہا۔ ایک مقامی اخبار Vanuatu Daily Post کے مطابق اس اقتصادی استحکام کا راز یہ تھا کہ وانواتو نے چند سال پہلے سے ہی اپنی شہریت اور پاسپورٹ فروخت کرنے کا پروگرام شروع کر دیا تھا۔ لہذا رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ملک کی آمدنی میں 6.2 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔ یہ گذشتہ برس اسی عرصے کے دوران ہونے والی آمدنی سے 32% جب کہ 2020ء کے پورے سال میں متوقع آمدنی سے 80% زیادہ ہے۔ اخبار نے یہ بات وزارت داخلہ میں شہریت کے محکمے کے سربراہ ڈونلڈ وارسل کے حوالے سے بتائی۔

وانواتو نے 1980ء میں برطانیہ اور فرانس سے آزادی حاصل کی۔ شہریت پروگرام کے تحت اس ملک نے ہر اس شخص کو اپنا پاسپورٹ فروخت کیا جو 1.3 لاکھ ڈالر ادا کرنے پر آمادہ تھا ، خواہ اس نے وانواتو کی سرزمین پر قدم ہی نہ رکھا ہو۔ واضح رہے کہ وانواتو کے پاسپورٹ کا حامل شخص ویزے کے بغیر یورپی یونین کے ممالک میں داخل ہو سکتا ہے۔

وانواتو نے اپنے پاسپورٹ کی فروخت کے لیے دنیا بھر میں پھیلی ہوئی متعدد ایجنسیوں کو ذمے داری سونپی۔ ہر پاسپورٹ کی فروخت پر اس ایجنسی کو 50 ہزار ڈالر کا کمیشن ملتا جب کہ بقیہ 80 ہزار وانواتو کی حکومت تک پہنچ جاتے۔ اس کے بعد 30 سے 60 روز کے اندر ادائیگی کرنے والے شخص کو پاسپورٹ مل جاتا۔ اس دوران درخواست دہندہ کی ان دستاویزات کی تصدیق کر لی جاتی ہے جو اس نے اپنی درخواست کے ساتھ منسلک کی ہوتیں۔ وانواتو نے 2018ء میں 1800 سے زیادہ پاسپورٹس فروخت کیے تھے۔

کورونا وائرس سے پاک وانواتو کا ملک آسٹریلیا سے 1750 کلو میٹر دور مشرق میں 80 جزیروں پر مشتمل ہے۔ فضائی راستے سے آسٹریلا سے وانواتو جانے میں 2 گھنٹے سے زیادہ وقت درکار ہوتا ہے۔

ہسپانیہ نے 17 ویں صدی میں وانواتو کو اپنے سامراج میں لے لیا تھا۔ بعد ازاں یہ فرانس اور برطانیہ کے مشترکہ استعمار میں چلا گیا۔ اس کی معیشت کا انحصار بنیادی طور پر سیاحت اور شکار پر ہے۔ دنیا کے 189 ممالک کی فہرست میں غربت کے لحاظ سے وانواتو کا 141 واں نمبر ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div