'بلدیاتی اداروں کوبہتر بنا کرترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائینگے'
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت بلدیاتی اداروں سے متعلقہ امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائیں گے اورنیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنائے گا اورپنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا۔شہریوں کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔
سیکریٹری بلدیات نے اجلاس کے شرکاء کو بلدیاتی اداروں کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماضی کے بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے جبکہ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کی امنگوں اورخواہشات کے عین مطابق ہے اور حقیقی معنوں میں اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داری کے ساتھ بااختیار بنائیں گے اور نیا نظام موجودہ اسٹیٹس کو ختم کرے گا اورعوام کو بااختیار بنائے گا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلدیاتی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔ چھوٹے بڑے شہروں میں تسلسل کے ساتھ صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔گلیوں، محلوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔بلدیاتی اداروں کو صفائی کےلئے بہترین اور جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ بارش کے پانی کے بروقت نکاس کو یقینی بنانے کےلئے ڈرین نالوں کی صفائی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔
صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، ڈاکٹر یاسمین راشد، مشیر آصف محمود،تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کےصدر اعجاز چوہدری، تحریک انصاف ناردرن پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی، سیکریٹری گڈ گورننس کمیٹی کرنل (ر)اعجاز حسین منہیس،چیف سیکریٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔