Aaj News

جمعرات, مارچ 28, 2024  
17 Ramadan 1445  

تین شوہر کھونے والی افغان خاتون چوتھے شوہر کی زندگی کیلئے فکرمند

افغانستان میں جاری جنگ افغان خاتون تاج بی بی کے لیے کسی قیامت سے...
شائع 23 ستمبر 2020 09:08am

افغانستان میں جاری جنگ افغان خاتون تاج بی بی کے لیے کسی قیامت سے کم ثابت نہیں ہوئی، 3 شوہروں کی لاشیں دیکھنے والی 33 سالہ تاج بی بی کے 5 بچے ہیں اور وہ اس وقت امین اللہ کے نکاح میں ہیں جو ایک فوجی ہے۔

اس سے پہلے تاج بی بی امین اللہ کے تین بڑے بھائیوں کے نکاح میں رہ چکی ہیں، جو طالبان سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔

تاج بی بی کی عمر اس وقت 18 سال تھی جب ان کی شادی امین اللہ کے سب سے بڑے بھائی سے ہوئی جو ایک فوجی تھے۔

خاتون کے مطابق ان کی زندگی بالکل خوشی خوشی گزر رہی تھی کہ اچانک ان کے خاوند کی موت کی اطلاع ملی جس نے سب خوشیاں خاک میں ملا دیں، وہ افغان طالبان کے ساتھ لڑتے لڑتے شہید ہو گئے تھے۔

پھر اس کے کچھ ماہ بعد تاج بی بی کی اپنے سابقہ شوہر کے چھوٹے بھائی کے ساتھ شادی ہو گئی جو پیشے سے فوج کے ساتھ ہی منسلک تھے۔ خاتون کے دوسرے شوہر بھی ایک چیک پوائنٹ پر طالبان کے ساتھ لڑائی کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے۔

بعد ازاں 90 دن کی آہ و بکا کے بعد تاج بی بی بالآخر اپنے سسر کی درخواست پر اپنے سابقہ شوہروں کے چھوٹے بھائی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں جو ایک پولیس افسر تھے۔ خوشیوں کی عمر ایک مرتبہ پھر کم نکلی، اور ان کا تیسرا شوہر بھی 2017ء میں طالبان کے ساتھ لڑائی کے دوران جام شہادت نوش کر گیا۔

اسی سال تاج بی بی اپنے سابقہ شوہروں کے سب سے چھوٹے بھائی امین اللہ کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔

امین اللہ نے تین مرتبہ بیوہ ہونے والی اپنے مرحوم بھائیوں کی سابقہ بیوی کو اس کے یتیم بچوں سمیت بطور دلہن قبول کر لیا، اور ان کی شادی ہو گئی۔

خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نسل پرست پشتون معاشرے میں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ خاندان میں بیوہ ہو جانے والی خاتون خاندان سے باہر شادی نہ کرے چنانچہ اس ضمن میں بیوہ خاتون کی اپنے دیور سے شادی کرنا ایک رواج بن چکا ہے۔

تاج بی بی نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے ساتھ گزری قیامت پر کبھی افغان طالبان کو ذمہ دار ٹھہراتی ہیں تو کبھی افغان حکومت کو، کبھی وہ بیرونی فورسز کو الزام دیتی ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ افغان خاتون تاج بی بی 5 وقت باقاعدگی کے ساتھ نماز ادا کرتی ہیں۔ تاج بی بی نے کہا کہ اسلام ہمیں کسی کو قتل کرنے کا سبق نہیں دیتا لیکن یہاں ہماری سرزمین میں ہم سب کو مار رہے ہیں۔

خاتون کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے شوہر امین اللہ سے فوج کی نوکری چھوڑنے کی التجا کی جس پر اس کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کر کے واپس آئے گا، وہ اس بات کی بھی دعا کرتی ہیں کہ افغان امن اس کے شوہر کو بچائے گا۔

تاج بی بی کا کہنا تھا کہ میری زندگی اس بات پر منحصر ہے کہ میں اپنے شوہر کو زندہ دیکھوں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ تو ایک بار مرتے ہیں، لیکن تین شوہروں کی لاشیں دیکھنے کے بعد مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں تین بار مر چکی ہوں۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div