Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

توشہ خانہ ریفرنس :آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

اسلام آباد :احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف...
شائع 24 ستمبر 2020 12:22pm

اسلام آباد :احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ 2گواہوں کے بیانات قلمبند کرلئے گئے،عدالت نے دونوں گواہان پر آئندہ سماعت میں جرح کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر3 کے جج اصغرعلی نے نوازشریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت کی۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف زرداری اورانورمجید کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں ،جو عدالت نے منظور کرلیں۔

فاروق ایچ نائیک نے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے اور جرح آئندہ سماعت پر کرنے کی استدعا کی تونیب پراسیکیوٹر ڈپٹی سردار مظفر عباسی نے اعتراض کرتے ہوئے ایک گواہ کے بیان کے بعد جرح کرنے کا مؤقف اپنایا اورکہاکہ ہم اپنے سارے گواہوں کو کیوں منظرعام پرلائیں، کیس کو ڈے ٹو ڈے چلایا جائے۔

جج اصغرعلی نے گواہاں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی کے کہنے پر تو کیس روزانہ کی بنیاد پر نہیں چلایا جائے گا ۔

الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹرعمران ظفر نے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے بتاکہ آصف زرداری کی 2008 کے کاغذات نامزدگی اور اثاثہ جات کی تصدیق شدہ کاپی نیب کے تفیشی افسر کو فراہم کیں جبکہ دوسرے گواہ وقار الحسن شاہ کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا ۔

عدالت نے آئندہ سماعت میں گواہان پر جرح کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 1 اکتوبر تک ملتوی کردی۔