Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

سرکاری زمین کی پرواہ نہیں، ٹریکٹر لیکر جائیں اورساری تجاوزات گرا دیں،چیف جسٹس

اسلام آباد:چیف جسٹس گلزار احمد نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس میں...
شائع 24 ستمبر 2020 01:48pm

اسلام آباد:چیف جسٹس گلزار احمد نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس میں ریلوے کی رپورٹ پر عدم اطمنان کا اظہار کرتےہوئے کہا کہ سرکاری زمین کی پرواہ نہیں، ٹریکٹر لیکرجائیں اور ساری تجاوزات گرا دیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ از خود نوٹس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ میں لگی تصویروں سے لگتا ہے ریلوے کی ساری زمین پر تجاوزات ہیں ،ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف تعمیرات اور بلڈنگز بنی ہوئی ہیں ،کیسے ٹرین چلے گی؟جس پر سی ای او ریلوے نے بتایا کہ سندھ حکومت سے پوسٹ واپس لےکر تمام تجاوزات ختم کریں گے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے سی ای او ریلوے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ نے ایسی بات نہیں کرنی ،ذمہ دار آفیسر بن کر دکھائیں، آپ خود وہاں جا کر دیکھیں کس قدر تجاوزات ہیں، سرکاری زمین کی پراوہ نہیں، ٹریکٹر لےکر جائیں اور ساری تجاوزات گرا دیں،فالتو چیزیں لاکر ہمارے پاس ڈمپ کر دیتے ہیں۔

جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ریلوے ٹریک کے دونوں اطراف کھلی جگہ چھوڑنی چاہیئے ۔

چیف جسٹس نے کراچی میں ریلوے لائین کے انڈر پاسز سے متعلق پوچھا تو حکام سندھ حکومت نے بتایاکہ ایف ڈبلیو او نے11انڈر پاسز کا سروے کر لیا ،باقی 13انڈر پاسز کا بھی سروے جلد ہو جائے گا ۔

جسٹس گلزار احمد نے کہاکہ تعمیرات ایسی نہ ہو جو شہر میں دھبہ بن جائے، ریلوے کی زمین بھی واگزار کرائیں، جس پرسیکرٹری ریلوے نے ریلوے کی زمین پر قبضہ ختم کروانے کی یقینی دہانی کروائی ۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے ریلوے خسارہ از خود نوٹس کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔