Aaj News

پیر, مئ 20, 2024  
11 Dhul-Qadah 1445  

منی لانڈرنگ کیس:شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 28ستمبر تک توسیع

لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کی منی لانڈرنگ کیس...
شائع 24 ستمبر 2020 03:08pm

لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 28ستمبر تک توسیع کردی۔

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی کی درخواست پرسماعت کی۔

شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 2جون کو بلایا گیا مگر چئیرمین نیب نے کال اپ نوٹس سے پہلے ہی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،یہ ظاہر کرتا ہے کہ نیب پہلے سے اپنا ذہن بنا چکا تھا،یہ طے کر کہ بیٹھے ہیں کہ شہباز صاحب کپڑے ساتھ لے کر آئیں،یہ کیس 2منٹ کا ہے سب واضح ہے،جب ریفرنس فائل ہو چکا ہے تو پھر گرفتاری کی کیا ضرورت ہے۔

شہبازشریف نے اجازت ملنے پر عدالت کو بتایا کہ ان کیخلاف بھاری الزامات لگائے گئے مگر ثابت کچھ نہ ہوسکا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ جب آپ کے وکیل کے دلائل مکمل ہوجائیں گے تب آپ کو بھی سن لیں گے۔

شہبازشریف کے وکیل نے بتایا کہ نیب نے آج تک نہیں بتایا کہ کون سے عہدے کا غلط استعمال کر کے کرپشن کی گئی،56 کمپنیوں میں آج تک ایک دھیلے کا ریفرنس فائل نہیں کیا گیا،اگر شہباز شریف کو آج نیب لے جاتی ہے تو کیا تحقیقات کرے گی،شہباز شریف تفتیش میں نیب کیساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

عدالت نے شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 4گھنٹے سے جاری سماعت 28ستمبر تک ملتوی کردی۔