Aaj News

بدھ, اپريل 24, 2024  
15 Shawwal 1445  

شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

لاہور:احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن )کے صدر...
شائع 22 اکتوبر 2020 11:46am

لاہور:احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔

منی لانڈرنگ کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ کی نیب کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا،لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے 4صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔

احتساب عدالت کے تحریری فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کا کوئی جواز نہیں ہے،تفتیش کے مطابق شہبازشریف نے غیر ملکی فلیٹس کی قسطیں ادا کرنے کے ذرائع نہیں بتائے ،شہباز شریف کاروبار کی دستاویزات بھی فراہم نہیں کرسکے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق شہباز شریف پر جو الزامات لگائے گئے اس کا ریفرنس دائر کیا جاچکا ہے،شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں بھی فراہم کی جاچکی ہیں ۔

تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ ریفرنس کا ٹرائل شروع ہو چکا ہے، شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جاتا ہے۔

دوسری جانب اثاثے منجمد کرنے سے متعلق کیس میں آج شہبازشریف کے وکلاء احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

جونیرہ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ امجدپرویز سپریم کورٹ میں مصروف ہیں جس کی بناء پر پیش نہیں ہو سکے۔

عدالت نے سماعت مزید کارروائی کیلئے7 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر شہبازشریف کے وکلاء سے دوبارہ دلائل طلب کر لئے ۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div