Aaj News

جمعہ, اپريل 26, 2024  
17 Shawwal 1445  

سپریم کورٹ نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا...
اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2020 01:10pm

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس لے لیا ، عدالت کا کہنا ہے کہ نیب مقدمات میں ملزمان کو طویل عرصہ حراست میں رکھنا نا انصافی ہوگی۔

سپریم کورٹ نے نیب ملزمان کی طویل حراست کا نوٹس ڈائریکٹر فوڈ پنجاب محمد اجمل کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران لیا۔

کیس کی سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2رکنی بینچ نے کی۔

سپریم کورٹ نے کہا کہ نیب مقدمات میں ملزمان کو طویل عرصہ حراست میں رکھنا ناانصافی ہوگی ،ملزمان سے معاشرے یا ٹرائل پر اثرانداز ہونے کا خطرہ ہو تو ہی گرفتار رکھا جا سکتا ہے، پرتشدد ،فوجداری اور وائٹ کالر کرائم کے ملزمان میں فرق کرنا ہوگا،نیب ملزمان کے کنڈکٹ کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے احتساب عدالت لاہور سے ٹرائل میں تاخیر کی وجوہات مانگتے ہوئے کہا ہے کہ آگاہ کیا جائے استغاثہ کے تمام 38 گواہان کے بیان کب تک ریکارڈ ہوں گے،بتایا جائے عام طور پر نیب مقدمات میں تاخیر کیوں ہوتی ہے؟۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کے علاوہ دوسرے طریقے بھی استعمال ہو سکتے ہیں، ملزمان کے پاسپورٹ ،بینک اکاؤنٹس اور جائیداد کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔

جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ حالیہ عدالتی فیصلے پر نیب کو عمل کرنا ہوگا،نیب کو روزانہ کی بنیاد پر سماعت پر اعتراض ہے تو نظرثانی دائر کرے۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کے فیصلے پر خوش ہیں، نیب بھی چاہتا ہے کہ مقدمات جلد ختم ہوں۔

سپریم کورٹ نے احتساب عدالت سے نومبر کے تیسرے ہفتے تک رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div