ایل این جی ریفرنس:احتساب عدالت کی نیب کواعتراضات دور کرنےکی ہدایت
اسلام آباد :احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب )کوایک روز میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ایل این جی ریفرنس پر سماعت کی،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے 2غیر ملکی ملزمان کو نوٹس تعمیل کروانے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی ، جس پر عدالت نے نوٹس تعمیل کی اصل رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی۔
جج اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ فرد جرم عائد کرنے کیلئے غیرملکیوں کے معاملے کو کیس سے الگ کر دیتے ہیں۔
وکیل شاہد خاقان عباسی نے ریفرنس کی دستاویز پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہاکہ ضمنی ریفرنس میں نیب نے مطلوبہ دستاویز فراہم نہیں کی۔
عدالت نے نیب کو ایک روز میں اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جذبات میں آ کراپنی حکومت میں بجلی اور گیس کے منصوبے تیزی سے لگائے،کراچی واقعے کے حقائق کا عوام کو علم ہونا چاہیئے ،تفتیش عوام کے سامنے رکھی جائے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ریفرنس میں الزامات کرپشن نہیں اختیارات سے تجاوز کے ہیں، نیب کورٹ میں سماعت براہ راست دکھانے چاہیئے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔