کورونا کیسز میں اضافہ: مزارات ،سینما اور تھیٹرز فوری طور پر بند کرنے کا حکم
اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)نے کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مزارات ،سینما اورتھیٹرزفوری طورپربند کرنےکا حکم دے دیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی)کا اجلاس ہوا،جس میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ملک بھرمیں 16 بڑے شہروں میں کورونا کے بڑھتے کیسوں کی شرح اور تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی چیف سیکرٹریز نے ایس او پیز پرعملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی اوراسمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔
شرکاء نے تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا، بریفنگ میں بتایاگیا کہ ملک میں وباء میں 3 گنا سے زائد اضافہ ہوا۔
این سی او سی نے ایک بار پھر بڑھتے کیسز کے پیش نظر بڑے عوامی اجتماعت پر پابندی اور ہائی رسک ایریاز میں ایس او پیز سخت کرنے کی سفارش کی۔
این سی او سی نے 500 سے زائد سیاسی ، مذہبی ، ثقافتی اور تفریحی اجتماعات پر پابندی کی سفارش کی ہے جبکہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق فیصلہ وزراء تعلیم کی تجاویز کے بعد کیا جائے گا، جس کا خصوصی اجلاس 16 نومبر کو بلا لیا گیا ہے۔
این سی او سی نے سینما اور تھیٹرز فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،اس کے ساتھ ساتھ مزارات کو بھی فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات کی گئی ہے جبکہ ریسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک باہر بیٹھ کر کھانے اور کھانا گھر لے جانے کی اجازت ہو گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث این سی او سی نے ایک بار پھر ملک میں بڑے اجتماعات پر پابندی کی تجویز دی ہے، ملک میں تیزی سے بڑھتے کورونا کے مثبت کیسز کے باعث زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اکتوبر کے وسط سے بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی کی تجویز آنے کے بعد سے کورونا کیسز کی تعداد تقریبا 3 گنا بڑھ چکی ہے۔
اسد عمر کا مزید کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی سیاسی قیادت کی جانب سے قوم کو کورونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کرنے اور ایس او پیز پر عمل کرنے کیلئے پیغام جانا چاہیئے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔