منی لانڈنگ کیس :شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹے کو پیش ہونےکاآخری موقع
لاہور:احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈنگ کیس کے تحریری فیصلے میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹے سلمان شہباز کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے 3 صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹے سلمان شہباز کو پیش ہونے کا آخری موقع دیا جاتا ہے جبکہ رابعہ عمران اور ہارون یوسف بھی آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔
فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے وکلا ءنے تیاری کیلئے 14 روز کیلئے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ،ملزمان کے وکلا ءکی استدعا پر سماعت ملتوی کی جاتی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز پر فردجرم عائد کی تھی۔
شہباز شریف نے کیس بدنیتی پرمبنی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپوزیشن لیڈر اوربڑی سیاسی جماعت کاصدر ہوں ، مجھ سمیت فیملی کیخلاف ناجائزمنی لانڈرنگ کیس بنایا گیا ، میں اس میں مکمل بےقصور ہوں، میں تمام الزامات سے انکار کرتا ہوں ،اپنی بےگناہی کیلئےثبوت عدالت کوفراہم کروں گا۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔