نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس :خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظور

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ...
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2020 10:57am

لاہور :انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن)کے رہنماء خواجہ عمران نذیر کی ضمانت منظور کرلی، عدالت نے لیگی رہنما ءکو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کے جج ارشد حسین بھٹہ نے لیگی رہنماء خواجہ عمران نذیر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

ملزم کے وکیل فرہاد علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل کا نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی سے کوئی تعلق نہیں ہے، اپنی لیڈر مریم نواز سے اظہارِ یکجہتی کیلئے عمران نذیر نیب آفس گئے، مقدمے میں انہیں شامل کیا جانا سیاسی انتقام ہے، دیگر ملزمان کی ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد خواجہ عمران نذیر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے 5لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

خواجہ عمران نذیر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کیخلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج ہے۔