کشمورواقعہ:وزیراعظم کا پولیس افسرکوٹیلی فون،بہادری کی تعریف

کشمورواقعے میں مرکزی ملزم رفیق اللہ کو پکڑنے والے پولیس...
شائع 14 نومبر 2020 12:15pm

کشمورواقعے میں مرکزی ملزم رفیق اللہ کو پکڑنے والے پولیس افسرمحمدبخش کو وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کرکے شاباش دی ہے۔

ہفتے کی صبح اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے بتایا کہ کشمور واقعے میں بہادری دکھانےوالےپولیس افسرمحمد بخش کوٹیلیفون کرکےاس کی بہادری اوربیٹی کی مثالی جرات کی تعریف کی۔وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ اے ایس آئی محمد بخش کو شاباش دی اور کہا کہ پولیس افسر نے پولیس کامثبت تشخص اجاگرکیا۔

وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم کومحمد بخش اور ان کی بیٹی کی بہادری پرفخر ہے۔وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی ذکر کیا کہ حکومت جامع انسدادعصمت دری آرڈیننس لارہی ہے جس سےخامیاں دورہوں گی۔

ادھر کشمور ميں ریپ کا شکار بچی کو مزيد علاج کيليے ہفتے کی صبح کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چالڈ ہیلتھ منتقل کردیا گيا ہے۔ ڈاکٹر جمال رضا کےمطابق بچی کی طبیعت بہتر ہے اوروینٹی لیٹر کےبغیراسےآئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔بچی کوابتدائی طبی امداد لاڑکانہ اسپتال ميں دی گئی ہے۔ این آئی سی ایچ کے ڈاکٹر نے بتایا کہ معائنے کے بعد بچی کوآپريشن کيلئےلےجاياجائےگا۔

اس کےعلاوہ جمعہ کو کشمور ميں ماں بيٹی کے ساتھ زيادتی کرنے والامرکزی ملزم اپنے ہی ساتھيوں کی فائرنگ سے مارا گيا۔پولیس حکام نے بتایا کہ کشمورمیں ديگر ملزمان کی گرفتاری کے ليے جانے والی پوليس پارٹی پر فائرنگ کی گئی جس سےملزم رفيق موقع پر ہی مارا گیا۔ پوليس نےفائرنگ کرنے والے ملزم خيراللہ بگٹی کو گرفتار کرليا۔ملزم رفیق کی نشاندہی پر ہی پوليس ٹيم نے چھاپا مارا تھا۔پولیس افسرمحمد بخش کےبیٹے کووزيراعلیٰ سندھ نے نوکری دينے کا اعلان کرديا ہے۔