اسلام آبادہائیکورٹ :سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ...
اپ ڈیٹ 16 نومبر 2020 02:23pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کو ڈی پورٹ کرنے کی درخواست خارج کردی ،عدالت نے سینیٹر رحمان ملک کی بینچ تبدیلی کی درخواست بھی نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے سنتھیا ڈی رچی کو ملک بدر کرنے سے متعلق اوردیگر درخواستوں پر سماعت کی ، سنتھیا ڈی رچی کے وکیل احمد رضا قصوری عدالت پیش ہوئے۔

درخواستگزار چوہدری افتخار کی سنتھیا رچی کو ملک بدر کرنے کی درخواست واپس لینے پر عدالت نے خارج کردی۔

سنتھیا رچی کے وکیل نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی سنتھیا کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کو ہم نے چیلنج کیا،وزارت داخلہ کے اس فیصلے پرعدالت عالیہ نے اسٹے آرڈردیا ہے ، وزارت داخلہ نے سنتھیا رچی کے موبائل اور بینک اکاؤنٹس فریز کر دئیے ہیں، بغیرپیسوں کے رہنا مشکل ہوگیا ۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ آج کوئی آرڈرنہیں کروں گا ،کچھ وکلاء بھی نہیں ہیں اور حکومت کی طرف سے بھی کسی کو آنے دیں۔

عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کرکے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔