Aaj News

بدھ, مئ 15, 2024  
07 Dhul-Qadah 1445  

علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کل ادا کی جائے گی

لاہور:تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے سربراہ علامہ خادم حسین...
شائع 20 نومبر 2020 11:35am

لاہور:تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ روز انتقال کر گئے، مرحوم کی نماز جنازہ کل مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

دو ہزار سترہ میں سیاسی منظر نامے پر نمودار ہونے والےتحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی گذشتہ رات لاہور میں انتقال کرگئے،ان کی عمر 54برس تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق علامہ خادم حسین رضوی کچھ عرصہ سے شدید علیل تھے۔ گذشتہ رات طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں شیخ زائد اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔

علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی نماز جنازہ ہفتے کی صبح 11بجے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

علامہ خادم حسین رضوی کی رہائش گاہ پر تعزیت کیلئے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیرمذہبی امورنورالحق قادری،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

خادم حسین رضوی کا تعلق ضلع اٹک سے تھا، وہ 22 جون 1966 کو ’نکہ توت‘ میں پیدا ہوئے، انہوں نے جہلم اور دینہ کے مدارس سے حفظ و تجوید کی تعلیم حاصل کی اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے درس نظامی کی تکمیل کی۔