محفل سماع انسان کو روحانی سکون مہیاء کرتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان...
شائع 20 نومبر 2020 09:07pm

لاہور: ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور آرٹس کونسل الحمرا پہنچے جہاں محکمہ اطلاعات و ثقافت اور لاہور آرٹس کونسل کے زیر اہتمام محفل سماع میں شرکت کی۔

محفل سماع کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، بعد ازاں نامور قوال استاد آصف سنتو خان نے حمدیہ و نعتیہ قوالی سے سماں باندھ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے محفل سماع میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے حمدیہ و نعتیہ کلام غور سے سنا۔ حاضرین وجد وسرور میں قوالی سے محظوظ ہوتے رہے۔

محفل سماع میں قوال اور ہمنوا نے عارفانہ و صوفیانہ کلام بھی پیش کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار اور حاضرین نے فن قوالی کے دل موہ لینے والے انداز کو سراہا۔

آصف سنتو خان اور ہمنوا کی پراثر تان اور لے پر حاضرین نے بھرپور داد دی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قوال آصف سنتو خان اور ہمنوا کو اسٹیج پر جاکر داد دی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ محفل سماع صوفیا کرام کی قدیم روایت ہے جو انسان کو روحانی سکون مہیاء کرتی ہے۔ پاکستانی قوالوں نے فن قوالی سے دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ میں نعتیہ مشاعرے اور محافل سماع کا سلسلہ جاری رہے گا، اسے منا کر دنیا کو حضور ﷺ کے اعلیٰ و ارفع مقام اور اسوہ حسنہ کے بارے میں آگاہ کر رہے ہیں۔

مشیر وزیر اعظم مرزا شہزاد اکبر، صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، اراکین اسمبلی، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل اوراعلیٰ حکام نے بھی محفل سماع میں شرکت کی۔