Aaj News

منگل, اپريل 23, 2024  
14 Shawwal 1445  

خرابی کےباوجودجہاز اڑایا گیا، حویلیاں طیارہ حادثے کا ذمہ دار کون ہے؟سندھ ہائیکورٹ

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نےحویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق...
شائع 01 دسمبر 2020 02:37pm

کراچی :سندھ ہائیکورٹ نےحویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق کیس میں کہا ہے کہ خرابی کے باوجود جہاز اڑایا گیا، حویلیاں طیارہ حادثے کا ذمہ دار کون ہے؟ رپورٹ میں پی آئی اے نے کسی کا تعین کیا؟ کس کیخلاف کارروائی ہوئی؟ ۔

سندھ ہائیکورٹ میں حویلیاں کے قریب پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، پی آئی اے اورسول ایوی ایشن کے ٹیکنیکل افسران عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اتنا بڑا حادثہ ہوا ذمے دار کون ہے ؟ اس پرڈائریکٹر ٹیکنیکل پی آئی اے نے بتایا کہ یہ ایک ٹیکنیکل مسئلہ تھا اور ہم نے اس حادثے سے سبق سیکھا ہے۔

عدالت نے کہا کہ لوگ رقم خرچ کرکے ٹکٹ خریدتے ہیں اگر مسافر محفوظ نہیں تو کیا فائدہ ؟ اس رپورٹ کے بعد پی آئی اے نے کسی ذمے دار کا تعین کیا؟ ہماری بار بار ہدایت پر رپورٹ آبھی گئی ورنہ کبھی سامنے نہ آتی، آپ لوگوں نے خرابی کے باجود جہاز اڑایا اس کا ذمہ دار کون ہے؟ پڑھ کر بتائیں کیا لکھا ہے رپورٹ میں؟ ۔

اس موقع پر حادثے میں شہید کیپٹن کی والدہ عدالت میں رو پڑیں اورکہا کہ میرے بیٹے کو زبردستی فلائٹ پربھیجا گیا، ان لوگوں نے میرے بیٹے کو مارا ہے، میرا بیٹا شدید دباؤ میں تھا، وہ ایک دن میں تین تین جہاز اڑا رہا تھا،اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کے بیٹے کا بھی دکھ ہے اور دیگر لوگوں کا بھی جو شہید ہوگئے۔

عدالت نے سول ایوی ایشن حکام کو ہدایت کی کہ حادثے سے متعلق ہمیں ایک ایک چیز بتائیں،جہازوں کو کیسے چیک کرکے اجازت دیتے ہیں، آپ کہہ رہے ہیں اے ٹی آر سارے محفوظ بنالیے گئے ہیں۔ عدالت نے حادثے کی ذمہ داری سے متعلق سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تفصیلی جواب مانگ لیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ تکنیکی سوالات کی روشنی میں بتائیں کون ذمہ دار ہے؟ اور پی آئی اےکی جانب سے متعلقہ ذمہ داران کخلانف کارروائی کی بھی رپورٹ پیش کی جائے۔

عدالت نے پی آئی اے کے موجودہ اے ٹی آر طیاروں کی منٹیننس سے متعلق بھی تفصیلات طلب کرلیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے دستاویزات کی روشنی میں پی آئی اے اور دیگر کو جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 7دسمبر 2016کو چترال سے اسلام آباد پرواز کرنے والا پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھاحادثے میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت 47افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div