Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

دنیا کے جدید ترین جنگی ڈرون بھی پاک فضائیہ کا حصہ بننے کو تیار

پاکستان کی جانب سے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافے اور بھارت کے خطرے...
شائع 31 دسمبر 2020 11:03am

پاکستان کی جانب سے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافے اور بھارت کے خطرے کا مقابلہ کرنے کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکا اور بھارت کے درمیان جنگی ڈرونز کی فراہمی کے معاہدے کے بعد پاکستان نے بھی دوست اور پڑوسی ملک چین سے جدید جنگی ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کی جانب سے جدید "ونگ لونگ 2" جنگی ڈرونز خریدے جائیں گے۔ یہ ڈرونز جدید میزائلوں اور دیگر ٹیکنالوجی سے لیس ہو کر پرواز کر سکتے ہیں۔ پاکستان کے اس فیصلے نے بھارت کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔

جبکہ بدھ کے روز پاکستان کیلئے ایک اور بڑی خبر بھی سامنے آئی۔ جے ایف 17 کے ڈبل سیٹ طیارے کی بھی فضائیہ کے بیڑے میں شمولیت ہوگئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جے ایف 17 ڈبل سیٹ طیارے پاک چین تعاون سے تیار کیے گئے ہیں۔

چین نے 14 ڈبل سیٹ طیارے پاکستان ایئرفورس کے حوالے کیے۔ طیاروں کی فضائی بیڑے میں شمولیت کی تقریب بدھ کے روز ہوئی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان ایئرفورس میں شامل ہونے والے ڈبل سیٹ طیارے تربیت کےلیے بھی استعمال ہوں گے۔

خیال رہے کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 فورتھ جنریشن کے لڑاکا طیارے ہیں جو اب پاک فضائیہ کے پاس ہوں گے، ان طیاروں نے اپنی صلاحیتوں میں امریکی ایف 16، ایف/اے 18 اور ایف 15، جبکہ روس کے سخوئی 27 اور فرانس کے میراج 2000 جیسے مشہور لڑاکا طیاروں تک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

جے ایف 17 ''بلاک 3'' کا انجن زیادہ طاقتور اور آواز کے مقابلے میں دوگنی سے بھی زیادہ رفتار ''ماک 2'' سے پرواز کرسکتا ہے۔

اس میں خاص قسم کے کم وزن لیکن مضبوط مادّے استعمال کئے گئے ہیں جو ایک طرف اس کا مجموعی وزن زیادہ بڑھنے نہیں دیتے جبکہ دوسری جانب اسے دشمن ریڈار کی نظروں سے بچنے میں مدد بھی ملتی ہے۔

جے ایف 17 ''بلاک 3'' ایسے جدید ترین ریڈار (اے ای ایس اے ریڈار) سے بھی لیس ہے جسے جام کرنا دشمن کے فضائی دفاعی نظام (ایئر ڈیفنس سسٹم) کےلئے انتہائی مشکل ہے۔ پائلٹ کا ہیلمٹ جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے جو طیارے کے اطراف سے بہتر واقفیت کے علاوہ ہتھیاروں پر بہترین کنٹرول کی صلاحیت میں مدد کرتا ہے۔

Pakistan Air Force

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div