سرگودھا میں قتل ہونے والی منتہا سے زیادتی کی تصدیق، موت کیسے ہوئی؟

ضلعی انتظامیہ نے ملزمان کی دکان بھی گرادی
شائع 25 جون 2026 03:12pm

سرگودھا میں 8 سالہ منتہا زہرہ سے زیادتی اور قتل کے افسوسناک واقعے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ موت کی وجہ شہ رگ کا کٹنا قرار دی گئی ہے۔

سرگودھا میں 8 سالہ منتہا زہرہ سے زیادتی اور قتل کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ آج نیوز کو موصول ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہو گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منتہا زہرہ کی موت شہ رگ کٹنے کے باعث واقع ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی کے جسم پر 7 مختلف مقامات پر زخموں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

پولیس اور تفتیشی ادارے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ فرانزک شواہد اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب منتہا زہرہ سے زیادتی اور قتل کے واقعے پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ گزشتہ رات مشتعل افراد نے اس کریانہ اسٹور پر پتھراؤ کیا جہاں مبینہ طور پر واقعہ پیش آیا تھا۔

صورتحال کشیدہ ہونے پر پولیس نے کریانہ اسٹور کو خالی کرا لیا جبکہ ضلعی انتظامیہ نے دکان پر نصب بورڈ بھی ہٹا دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مشتعل افراد نے مبینہ ملزم کی تدفین بھی روک دی تھی، تاہم بعد ازاں پولیس کی نگرانی میں تدفین کا عمل مکمل کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔