وزارت اطلاعات نے افغان طالبان کا ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ کا دعویٰ مسترد کردیا
وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان سے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ سے متعلق افغان طالبان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
اتوار کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے افغانستان میں ہتھیاروں کی مبینہ اسمگلنگ کا افغان طالبان کا دعویٰ بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے، افغان طالبان کا یہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور عالمی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانے کی کوشش ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغانستان امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑے گئے جدید ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کی بڑی مقدار پہلے ہی رکھتا ہے، اس چھوڑے گئے ساز و سامان کی مالیت کا تخمینہ 7.2 ارب امریکی ڈالر لگایا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان میں کئی دہائیوں کے تنازعات سے جمع شدہ سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، یہ ذخائر بھی افغان سرزمین پر اسلحے کی موجودگی کی ایک اہم وجہ ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسے ہتھیاروں کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش بظاہرعالمی توجہ اصل اور زیادہ سنگین مسئلے سے ہٹانے کی ہے، یہ معاملہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی اور سرگرمیوں سے متعلق اہم تشویش کو پسِ پشت ڈالنے کے مترادف ہے۔
وزارت اطلاعات نے مزید کہا کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کو اب بھی پناہ، سہولت کاری اور کارروائی کی آزادی حاصل ہے، یہ گروہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی، معاونت اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ افغان طالبان کو بے بنیاد الزامات کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنا ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان حکام اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنائیں اور افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔













