Aaj News

ہفتہ, مئ 04, 2024  
25 Shawwal 1445  

وزیراعلیٰ بلوچستان کے بیٹے کا شاہانہ پروٹوکول، ویڈیو وائرل

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے صاحبزادے جام محمد عالیانی کے...
شائع 15 جون 2021 10:53am

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے صاحبزادے جام محمد عالیانی کے شاہانہ پروٹوکول کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیراعلیٰ کے بیٹے کے ہمراہ نہ صرف ذاتی محافظ، جماعت کے کارکن اور حامیوں کی درجنوں گاڑیوں کے علاوہ پولیس، اے ٹی ایف اور لیویز کی کئی گاڑیاں بھی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق قافلے میں جیمر گاڑی کے علاوہ بُلٹ پروف گاڑی بھی شامل تھی جس میں وزیراعلیٰ کے صاحبزادے سوار تھے۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لسبیلہ رائٹس ٹویٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’یہ کسی وزیراعظم یا کسی وزیراعلیٰ کا پروٹوکول نہیں، یہ غریب صوبے بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے بیٹے جام محمد کا پروٹوکول ہے ۔‘

ٹوئٹر/لسبیلہ رائٹس

مقامی پولیس نے ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ جام کمال کے 13، 14 سالہ صاحبزادے جام محمد عالیانی کے پروٹوکول میں ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ، دو پولیس تھانہ کے ایس ایچ اوز، پولیس، اے ٹی ایف اور لیویز کی آٹھ سے زیادہ سرکاری گاڑیاں موجود تھیں۔ جبکہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے سکواڈ کی گاڑی بھی انہیں فراہم کی گئی تھی۔

ایڈیشنل ایس پی لسبیلہ کیپٹن ریٹائرڈ صدام خاصخیلی نے تصدیق کی کہ وہ وزیراعلیٰ کے صاحبزادے کے ہمراہ دریجی گئے تھے۔

ان کے مطابق ’جب بھی کوئی مہمان آتا ہے تو انہیں سکیورٹی دی جاتی ہے، بعض اوقات غیرملکی وفود یا سیاح آتے ہیں تو ہم انہیں بھی سیکورٹی دیتے ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلیٰ کے بیٹے کی سیکیورٹی کے لیے اے ٹی ایف کی ایک گاڑی تھی۔ باقی گاڑیاں میری، میرے گارڈز، ایس ایچ او اور دیگر سرکاری افسران کی تھیں۔‘

دوسری جانب پولیس کے مطابق واپسی پر وزیراعلیٰ کے بیٹے کے قافلے میں شامل گاڑی کو حادثہ بھی پیش آیا جس میں نجی سیکیورٹی گارڈز سوار تھے۔ حادثے میں زرین خان مگسی کے دو نجی سیکورٹی گارڈز ہلاک اور سات زخمی ہوئے۔

قافلے میں شامل حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی (فوٹو: ٹوئٹر )
قافلے میں شامل حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی (فوٹو: ٹوئٹر )

Jam Kamal Khan

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div