Aaj News

جمعہ, اپريل 19, 2024  
11 Shawwal 1445  

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق، 23 زخمی

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق...
اپ ڈیٹ 23 جون 2021 03:09pm

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 23افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور دہشتگردوں کے نشانے پرآگیا، جوہر ٹاؤن کی بی او آر سوسائٹی میں صبح 11بجے کے قریب دہشتگردی کا واقعہ سامنے آیاجہاں ایک زور دار دھماکاہوا جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 23افراد زخمی ہوگئے جبکہ مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے ۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا۔

ابتدائی تحقیقات میں دھماکے کی وجہ گیس پائپ لائن پھٹنے کو قرار دیا جارہا ہے تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کا درست تعین کیا جاسکے گا۔

عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر ایک مشکوک موٹرسائیکل دیکھی گئی،دھماکا جائے وقوعہ پر کھڑی ایک موٹرسائیکل میں ہوا۔

دھماکااتنا شدید تھا کہ قریبی گھروں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا اور شواہد جمع کرلئے ۔

سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی بھی جائے وقوعہ پر پہنچےاور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے بڑے نقصان سے بچا لیا ہے، ثابت کریں گے کہ ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد جناح اسپتال پہنچیں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ایم ایس جناح اسپتال ڈاکٹر یحییٰ سلطان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں زیادہ تر کی حالت تشویشناک ہے، متاثرہ افراد کے جسم میں بال بیرنگ بھی ملے ہیں۔

تحقیقاتی اداروں نے جائے وقوعہ سے بارود اور بال بیرنگ کے اجزا حاصل کرکے فرانزک کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور دھماکے کے واقعے کا نوٹس لے لیا

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں دھماکے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتےہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ مٹھی بھر دہشتگرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے جوہرٹاؤن دھماکےکانوٹس لے لیا

ادھر وزیرداخلہ شیخ رشید نے بھی لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں ہونے والے دھماکےکانوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب سے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ دھماکےکی نوعیت کاپتہ لگایاجارہاہے،وفاقی ادارےتحقیقات میں پنجاب حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔

شہبازشریف کی لاہورکے علاقے جوہرٹاؤن میں دھماکے کی مذمت

مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے لاہورکے علاقے جوہرٹاؤن میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس ہے، پنجاب کے دارلحکومت میں یہ واقعہ آنکھیں کھولنے کیلئےکافی ہے۔

مسلم لیگ (ن)کے صدر نے مزید کہا کہ امن وامان کی بگڑتی صورتحال توجہ کا تقاضا کررہی ہے،معاملات ٹالنے کی قیمت ملک اورقوم کو ادا کرنا پڑرہی ہے۔

Interior Minister

Sheikh Rasheed

Usman Buzdar

cm punjab

lahore

Blast

take notice

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div