Aaj News

جمعرات, اپريل 25, 2024  
16 Shawwal 1445  

این سی اوسی نے کوروناایس اوپیز کے اطلاق کا دائرہ کار 27شہروں تک بڑھا دیا

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی اوسی )نے کورونا...
شائع 29 اگست 2021 01:00pm

اسلام آباد:نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی اوسی )نے کورونا کے دباؤ کے پیش نظر کورونا ایس اوپیز کے اطلاق کا دائرہ کار 27شہروں تک بڑھا دیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے وبا ءکی موجودہ صورتحال اور طبی سہولتوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے پیش نظر کورونا ایس او پیز پہ عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اوران ایس او پیز کے اطلاق کا دائرہ کار 27 شہروں تک بڑھا دیا گیا ،اس سے پہلے یہ ایس او پیز 13 شہروں میں نافذ تھیں۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان اور پشاور میں کورونا پابندیوں میں 13 ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔

ان 27 شہروں میں اسلام آباداور پنجاب کے 11 شہر میں خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، بہاولپور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی، لاہور اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

سندھ میں حیدرآباد اور کراچی، آزاد کشمیر میں مظفرآباد اور میرپور، گلگت بلتستان میں گلگت اور اسکردو جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور، سوات، ہری پور، مانسہرہ، لوئر دیر، صوابی، ایبٹ آباد، سوات اور لوئر چترال شامل ہیں۔

کورونا ایس او پیز کے تحت تمام تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی جبکہ ہفتے میں 2دن تمام مارکیٹس بند رہیں گی اور ان کے دنوں کا تعین صوبوں کی صوابدید پر رہے گا،ریسٹورنٹس میں انڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی جبکہ رات 10 بجے آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی، ٹیک وے کی سروس 24 گھنٹے کھلی رہے گی۔

انڈور شادیوں کی تقریبات پر مکمل پابندی جبکہ 300 مہمانوں کے ساتھ آؤٹ ڈور شادی کی تقریبات کی اجازت ہو گی، آؤٹ ڈور شادیوں کی تقریبات کے اوقات رات 10 بجے تک برقرار ہوں گی، مزارت پر زائرین کی آمد پر پابندی جاری رہے گی۔

سنیما گھروں پر بھی پابندی برقرار رہے گی، کنٹیکٹ کھیلوں جن میں کراٹے، باکسنگ، مارشل آرٹس، رگبی، واٹر پولو، کبڈی اور ریسلنگ شامل ہیں پر عائد پابندی جاری رہے گی،صرف ویکسینیٹڈ افراد ہی انڈور جم جا سکیں گے۔

سرکاری اور نجی دفاتر کیلئے عام دفتری اوقات کار 50 فیصد کے ساتھ جاری رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر سواریوں کی شرح 50 فیصد جبکہ ریل سروس 70 فیصد سواریوں کے ساتھ جاری رہے گی۔

تفریحی پارکوں اور سوئمنگ پولز کی بندش برقرار رہے گی جبکہ عوامی پارکوں میں کورونا پروٹوکول کے ساتھ داخلے کی اجازت ہو گی،ملک بھر میں تعلیمی ادارے 50 فیصد تعداد اور تعطل کے ساتھ ہفتہ میں 3 روزکھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ این سی اوسی اپنی نافذ کردہ ایس او پیز پر 13 ستمبر کو دوبارہ نظر ثانی کرے گا۔

NCOC

SOPS

coronavirus

اسلام آباد

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div