کالعدم تنظیم کے مارچ کا وزیرآباد میں پڑاو

نو روز قبل لاہور سے شروع ہونے والے کالعدم تنظیم کا مارچ آج...
شائع 30 اکتوبر 2021 10:44pm
File Photo
File Photo

نو روز قبل لاہور سے شروع ہونے والے کالعدم تنظیم کا مارچ آج وزیرآباد میں ہی رُکا رہا۔

مارچ کو روکنے کیلئے گجرات اور وزیر آباد کے درمیان دریائے چناب اور سرائے عالمگیر کے قریب دریائے جہلم کے پل کو رکاوٹیں کھڑی کر کے ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ 9 روز قبل کالعدم تنظیم کے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہونے والے مارچ کے شرکا گذشتہ رات سے وزیرآباد میں مقیم ہیں۔

آج صبح مارچ کے شرکا کی گجرات کی جانب روانگی اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے باعث ملتوی کر دی گئی۔

مارچ کے شرکاٗ کی پیش قدمی روکنے کیلئے گجرات اور وزیر آباد کے درمیان دریائے چناب کا پُل آٹھ روز سے بند ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی مارچ کا راستہ روکنے کیلئے تعینات ہے۔

جی ٹی روڈ پر سرائے عالمگیر کے مقام پر دریائے جہلم کے پل پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں، پُل کی جانب جانے والے راستے کو بند کرنے کیلئے 15فٹ گہری، 40 فٹ چوڑی اور 300 میٹر لمبی خندق کی کھدائی جاری ہے۔

دریائے جہلم اور نہر اپر جہلم کے تمام پل بھی کنٹینر لگا کر سرائے عالمگیر اور جہلم کا زمینی راستہ بھی منقطع کیا جا رہا ہے۔ اطراف میں پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔

مطالبات کی منظوری کیلئے کالعدم تنظیم کا اسلام آباد کی جانب مارچ 22 اکتوبر کو لاہور سے روانہ ہوا تھا۔