Aaj News

جمعہ, مارچ 29, 2024  
18 Ramadan 1445  

ٹیکسی ڈرائیور کی کال، مکیش امبانی کے گھر کی سیکیورٹی سخت

بھارت کے شہر ممبئی کی پولیس کو کنٹرول سینٹر پر ایک ٹیکسی ڈرائیور...
شائع 09 نومبر 2021 11:00am
تصویر بزریعہ اے این آئی
تصویر بزریعہ اے این آئی

بھارت کے شہر ممبئی کی پولیس کو کنٹرول سینٹر پر ایک ٹیکسی ڈرائیور کی کال موصول ہوئی جس کا دعویٰ تھا کہ دو افراد نے مبینہ طور پر اس سے مکیش امبانی کی رہائش گاہ "انٹیلیا" کے متعلق پوچھا کہ وہ کہاں ہے۔

ممبئی پولیس کے مطابق دونوں افراد ٹیکسی میں سفر کر رہے تھے جب انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور سے بھارت کے امیر ترین شخص اور ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی کے گھر کا پتہ معلوم کیا۔

ٹیکسی ڈرائیور کے مطابق دونوں افراد کے پاس ایک بیگ بھی تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کا بیان ریکارڈ کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری طرف مکیش امبانی کی رہائش گاہ انٹیلیا کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔ پولیس نے اس کے اطراف میں بیریئرز لگا دئیے اور دونوں مشکوک افراد کی تلاش شروع کردی۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ 40 سالہ سُریش وسانجی پاٹیل اپنے دوستوں کے ساتھ صرف شہر گھوم رہا تھا، اور اس سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔

رواں سال فروری میں انٹیلیا کے باہر دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک جیپ برآمد ہوئی تھی۔ مذکورہ جیپ سے مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ کے نام لکھا گیا خط بھی برآمد ہوا تھا۔

پولیس نے تفتیش شروع کی تو معلوم ہوا کہ جیپ میں بم ایک سابق پولیس اہلکار نے نصب کیے تھے۔ جس طالبعلم سے جیپ چرائی گئی تھی چند روز بعد اس کا بھی قتل ہوگیا تھا۔

انٹیلیا مکیش امبانی اور ان کے اہلخانہ کی ملکیت ہے جو کہ دنیا کے پرتعیش گھروں میں شامل ہے۔ 27 منزلوں پر مشتمل یہ عمارت جنوبی ممبئی کے کمبالا ہل ایریا میں واقع ہے۔

mumbai

security threats

Mukesh Ambani

Reliance Industries

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div