نیو یارک پراپرٹی کیس، سابق صدر زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع

نیو یارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر آصف زرداری کو احتساب عدالت میں...
شائع 14 دسمبر 2021 08:14pm

نیو یارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر آصف زرداری کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے بغیر عبوری ضمانت میں 11 جنوری تک توسیع مل گئی، 8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نیب نے ایف بی آر کی خدمات کیوں نہیں لی، نیب کے پاس مخصوص اختیارات ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے بطور ڈیوٹی جج آصف علی زرداری کی نیو یارک پراپرٹی کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

آصف زرداری کے وکیل بیرسٹر شیراز راجپر جبکہ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف عدالت میں پیش ہوئے، سابق صدر کی جانب سے ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

نیب آصف زرداری کیخلاف نیو یارک پراپرٹی کیس کی تحقیقات کر رہا ہے، آصف زرداری نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے،آصف زرداری کے خلاف8 ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس کی سماعت ‏اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس دائر ہونے کا موقف اپنایا تو چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ ‏ریفرنس کی کاپی کہاں ہے؟ نیب نے ایف بی آر کی خدمات کیوں نہیں لی، نیب کے تفتیشی افسر نے اختیارات کو مدنظر نہیں رکھا۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔