وفاقی کابینہ : پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنیکی مدت میں 31 دسمبر2022 تک توسیع

وفاقی کابینہ نے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر2022...
شائع 14 دسمبر 2021 09:00pm

وفاقی کابینہ نے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر2022 تک توسیع کی اجازت دے دی ۔

اجلاس میں پاکستان اورعراق کے مابین فضائی سفرمعاہدے میں ترمیم بھی منظور ہوئی ۔اور ہوابازی ڈویژن کوتمام وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ فضائی سفر کے معاہدے کرنے کیلئے کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ۔

اجلاس میں افغانی باشندوں کیلئے پاکستانی ویزے کے حصول کیلئے درکار سکیورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کرنے کی منظوری دے دی۔ افغان عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی این جی اوزکی رجسٹریشن کا طریقہ کار آسان جبکہ این جی اوز کے اہل کاروں کو پاکستانی ویزہ بغیر سیکیورٹی کلیرنس دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔

اسی طرح پاکستان کے راستے دوسرے ممالک میں نقل مکانی کرنے والے افغان باشندوں کیلئے دی گئی سہولت میں مزید 60 دن کی توسیع کردی گئی۔

کابینہ نے این ڈی ایم ایم اے کو افغانستان کیلئے امداد فراہم کرنے اور ، 50، 100 اور 1000 کے پرانے کرنسی نوٹ تبدیل کرنے کی مدت میں 31 دسمبر2022 تک توسیع کی اجازت دے دی۔

ہوابازی ڈویژن کی سفارشات پر پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ فضائی روٹ میں تبدیلی کی منظوری دی جس سے فضائی فاصلے اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔

کابینہ نے پاکستان اور قازقستان کے براہ راست ہوائی سفر جبکہ پاکستان اور عراق کے درمیان کمرشل فلائیٹس میں اضافہ کرنے کیلئے دونوں ممالک کے مابین فضائی سفر معاہدے میں ترمیم کی بھی منظوری دے دی۔

کابینہ نے سندھ میں اشیاء ضروریہ بشمول آٹا، چینی، دودھ، گھی اور دالوں کی زیادہ قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا۔