Aaj News

بدھ, مئ 01, 2024  
23 Shawwal 1445  

عمران خان اپنی کرسی بچانے کیلئے انقلابی بن گئے ہیں، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف...
اپ ڈیٹ 11 مارچ 2022 01:43pm

لاہور: مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی کرسی بچانے کیلئے انقلابی بن گئے ہیں، عمران نیازی آپ بھگوڑے ہیں ، بھاگنے نہیں دیں گے۔

احتساب عدالت لاہور کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد ذاتی خواہشات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خواہشات کے مطابق جمع کرائی ہے، ریکوزیشن پر تمام جماعتوں نے دستخط کئے، اسپیکر قومی اسمبلی کا فرض ہے کہ 14 روز میں اجلاس طلب کرے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھلسانے کا کوئی جواز نہیں دیا جاسکتا، کروڑوں افراد کو ایک وقت روٹی سے محروم کردیا گیا ہے، ہرورز مہنگی بجلی بجلی بن کرگررہی ہے، پونے چار سال میں 22 کروڑ عوام کے ساتھ زیادتی ہوئی، لوگ وزیر اعظم اور حکومت سے جان چھڑانے کی دعائیں مانگ رہے ہیں۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ عمران خان کا دعویٰ تھا کہ بیرون ملک بھیجے گئے پیسے واپس لاؤں گا، کہاں گئے ان کے وہ وعدے، دعوے کررہے تھے کہ مر جاؤں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، ان حالات میں ریاست مدینہ کی بات ان کو زیب نہیں دیتی۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر عمران خان بہکی باتیں کررہے ہیں، وہ خود کو عقل کل اور افلاطون سمجھتے ہیں، اور اپنی کرسی بچانے کیلئے انقلابی بن گئے ہیں، میں عمران خان کی زبان میں بات کر سکتا ہوں نہ کروں گا، ہم نے جیلیں کاٹی ہیں، ہم یہاں پیدا ہوئے ہیں اور یہاں ہی مریں گے،عمران خان آپ بھگوڑے ہوں گے، لیکن ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی بوکھلاہٹ کا شکار اور پریشان ہیں، گیڈر بھبھکیاں دیتے ہیں شہباز شریف اور فضل الرحمان چھوڑوں گا نہیں، پارلیمنٹ لاجز میں فضل الرحمان کے ساتھیوں کو مارا پیٹا گیا، ہم آئینی اور قانونی طریقے سے چلنا چاہتے ہیں اور یہ غنڈہ گردی پر اتر آئے ہیں، کل حکومت نے اپنا مکروہ چہرہ دیکھا دیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نوازشریف کو غیرجمہوری طریقے سے اقتدار سے باہر کیا گیا، ہم آپ کو آئینی طریقے سے گھر بھیجنا چاہتے ہیں آپ کو کیا تکلیف ہے، یہ غنڈہ گردی سے آئین کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آج ہر جگہ پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ان کا دوغلا اور کھوکھلا پن ظاہر ہو چکا ہے، جو فیصلہ متحدہ اپوزیشن کرے گی اس کو لے کر چلیں گے، اجتماعی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ نوازشریف کریں گے۔

رمضان شوگر مل کیس: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت درخواست پر دلائل طلب

لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل کیس میں مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی بریت درخواست پر دلائل طلب کرلئے جبکہ شہباز شریف کی لمبی تاریخ دینے کی استدعا مسترد کر دی گئی۔

لاہور کی احتساب عدالت نمبر 2اور 5نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف 3مختلف کیسز کی سماعت کی،شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے رمضان شوگر مل کیس میں شہباز شریف کی بریت درخواست پر اپنا جواب جمع کروایا۔

نیب نے بریت درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ کیس ابتدائی مراحل میں ہے، ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، رمضان شوگر مل کے قریب 11گاؤں میں سے صرف 2کو بنائے گئے نالے تک رسائی حاصل ہے، اس نالے سے 7کیوسک نکاسی آب کا اخراج ہوتا ہے جس میں 5کیوسک شوگر مل کا ہے۔

احتساب عدالت نے نیب کے جواب پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کرلیا۔

شہباز شریف نے دونوں عدالتوں میں استدعا کی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ہے کیسز کی لمبی تاریخ دیں، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

عدالت نے شہباز شریف فیملی منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 22 مارچ جبکہ رمضان شوگر مل اور آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی۔

pm imran khan

Shehbaz Sharif

lahore

Hamza Shehbaz

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div