Aaj News

بدھ, اپريل 17, 2024  
08 Shawwal 1445  

منی لانڈرنگ کیس: مونس الٰہی اور دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التواء میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیئے، ملزمان کے وکیل تیاری کرکے آئیں، عدالت
شائع 04 جولائ 2022 11:05am
عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

لاہور :بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اوردیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14جولائی تک توسیع کردی جبکہ عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

لاہور کی بینکنگ جرائم کورٹ کے جج نے مسلم لیگ (ق)کے رہنماء مونس الٰہی ،سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، دوران سماعت ملزمان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتائیں کیا تفتیش کی ہے اب تک؟۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ محمد خان بھٹی اور واجد خان بھٹی نے گزشتہ ہفتے انویسٹی گیشن جوائن کی ہے، دونوں ملزمان نے اپنے دفاع میں دستاویزات جمع کرانے کی مہلت مانگی ہے۔

ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ کمپنی کے شیئرہولڈرز سے متعلق بھی تفتیش جاری ہے اور شیئرہولڈرز کے تعین کے بعد مونس الٰہی کو دوبارہ طلب کیا جائے گا ،6 اکاؤنٹ فیک تھے، جس سے نواز بھٹی سمیت دیگرنے انکار کردیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو مزید بتایا کہ کیس کا 47 فیصد ریکارڈ آچکا ہے، ابھی فرانزک بھی ہونا ہے، بینکوں نے بتایا کہ 10 سال سے پرانا ریکارڈ ضائع کر دیا جاتا ہے، ہم واوچرز سے دیکھ رہے ہیں، تفتیش مکمل کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔

ایف آئی اے کی تفتیشی افسر کے بیان پر بینکنگ جرائم عدالت کے جج نے کہا کہ عبوری ضمانت کو غیر معینہ مدت تک التواء میں نہیں رکھ سکتے، اگلی تاریخ تک تفتیش مکمل ہونی چاہیئے، ملزمان کے وکیل تیاری کرکے آئیں۔

بعدازاں عدالت نے 24 ارب کی منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الٰہی سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14جولائی تک توسیع کرتےہوئے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر انویسٹی گیشن مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

lahore

PMLQ

Banking Court

Moonis Elahi

bail extend

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div